ایران پر اسرائیلی حملہ پوری مسلم اُمّت پر حملہ ہے، عالم اسلام متحد ہو”. ڈاکٹر حمیرا طارق

اسرائیل کی دہشت گردی کو امریکہ کی پشت پناہی حاصل ہے، عالمی امن شدید خطرے میں ہے." ڈاکٹر حمیرا طارق

0

اسلام آباد: ایران پر اسرائیلی حملے کے حوالے سے ڈاکٹر حمیرا طارق سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان نےاپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیا جانے والا حملہ، جس میں ایران کے سپہ سالار اور ممتاز سائنسدان شہید ہوئے، ایک کھلی دہشت گردی اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل کا یہ ناپاک اقدام صرف ایران پر حملہ نہیں بلکہ پورے خطے کو آگ میں جھونکنے کی ایک خطرناک سازش ہے۔یہ کوئی پہلا موقع نہیں کہ اسرائیل نے انسانیت سوز کارروائی کی ہو۔ غزہ میں بچوں، خواتین اور نہتے شہریوں کا روزانہ قتل عام، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی، اور اب ایران پر حملہ، یہ سب ظاہر کرتا ہے کہ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی کوئی پروا نہیں، کیونکہ اسے امریکہ کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔ اصل طاقت اسرائیل کے پیچھے چھپا ہوا امریکہ ہے، جو ہر جگہ اپنی مفادات کے لیے جنگ اور تباہی کو ہوا دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ بات واضح طور پر کہنا چاہتے ہیں کہ یہ حملہ صرف ایران پر نہیں، بلکہ پوری امت مسلمہ پر حملہ ہے۔ اسرائیل کے اہداف کسی ایک ملک تک محدود نہیں، اس کا ہر قدم مسلمانوں کی وحدت، خودمختاری اور آزادی کے خلاف ہے۔اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم دنیا صرف الفاظ تک محدود نہ رہے بلکہ متحد ہو کر عملی اقدامات کرے۔ تمام مسالک، گروہوں اور نظریاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ہمیں اسرائیل کی اس بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے خلاف صف آرا ہونا ہوگا۔ اگر آج عالم اسلام بیدار نہ ہوا تو کل یہ آگ ہر دروازے تک پہنچے گی۔انہوں نے مذید کہا کہ ہم پاکستانی حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سفارتی سطح پر اس معاملے کو بھرپور انداز میں اُٹھائے، اور امریکہ و اسرائیل کے انسانیت دشمن اقدامات کے خلاف عالمی برادری کو متوجہ کرے۔ بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کو اپنا مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے خطے کو مزید تباہی سے بچانا ہوگا۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہاکہ ہم ایرانی عوام اور قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے صبر، استقامت اور مزاحمت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ظلم کے خلاف آواز نہ صرف بلند کی جائے بلکہ مؤثر اقدامات بھی کیے جائیں #

Leave A Reply

Your email address will not be published.