ابوظہبی، پہلی ششماہی "ٹورزم اسٹریٹجی 2030” کا کامیاب نفاذ

0

ابوظہبی: ابوظہبی کے محکمۂ ثقافت و سیاحت نے 2025 کی پہلی ششماہی میں سیاحت کے شعبے میں نمایاں ترقی کا اعلان کیا ہے، جو کہ "ٹورزم اسٹریٹجی 2030” کے کامیاب نفاذ اور اس کی پائیدار پالیسیوں کا ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔ محکمہ کے مطابق ابوظہبی کی ثقافتی، تاریخی اور تخلیقی پہچان کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لیے متنوع منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے، جن کا مقصد امارت کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ جدید سیاحتی تجربات فراہم کرنا ہے۔

جنوری سے جون 2025 کے دوران ابوظہبی کے ثقافتی و ورثہ مقامات پر 40 لاکھ سے زائد سیاحوں نے وزٹ کیا، جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں 47 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ محکمہ کے مطابق لوور ابوظہبی نے 7 لاکھ 84 ہزار 606 سیاحوں کو خوش آمدید کہا جبکہ کلچرل فاؤنڈیشن میں 49 فیصد اضافے کے ساتھ 6 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد نے دورہ کیا۔ تاریخی قصرالحصن میں 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں 4 لاکھ 67 ہزار 398 وزٹرز آئے، جب کہ منارت السعدیات میں سیاحوں کی آمد میں 139 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ ہاؤس آف آرٹیزنز نے بھی 2 لاکھ 34 ہزار سے زائد مہمانوں کا خیرمقدم کیا، جو اماراتی دستکاریوں میں بڑھتی دلچسپی کا مظہر ہے۔

محکمہ ثقافت و سیاحت کے انڈر سیکرٹری سعود عبدالعزیز الحسنی نے کہا کہ پہلی ششماہی کی غیر معمولی کارکردگی "ٹورزم اسٹریٹجی 2030” کے مؤثر نفاذ اور محکمے کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے مطابق یہ نتائج ثقافتی ڈھانچے میں سرمایہ کاری، عالمی معیار کی پیشکشوں میں تنوع اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں ہدفی حکمتِ عملیوں کا نتیجہ ہیں۔

سال 2025 میں دو نئے ثقافتی مراکز کا افتتاح بھی کیا گیا، جن میں "teamLab Phenomena Abu Dhabi” اور "المقطع میوزیم” شامل ہیں۔ ان نئے منصوبوں نے ابوظہبی کی ثقافتی کشش میں مزید اضافہ کیا، جہاں بالترتیب 1 لاکھ 45 ہزار اور 30 ہزار کے قریب وزٹرز آئے۔

سیاحت کے ساتھ ساتھ مہمان نوازی کے شعبے میں بھی نمایاں ترقی ریکارڈ کی گئی۔ رواں سال کی پہلی ششماہی میں ابوظہبی کے ہوٹلوں میں 29 لاکھ مہمانوں نے قیام کیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہے۔ ہوٹلوں کی آمدنی میں 20 فیصد اضافہ ہوا جبکہ فی دستیاب کمرہ آمدنی (RevPAR) 446 درہم تک پہنچ گئی، جو 24 فیصد سال بہ سال اضافہ ہے۔ ہوٹلوں کی اوسط مصروفیت 80 فیصد پر برقرار رہی جبکہ بین الاقوامی مہمانوں کے قیام کی اوسط مدت بڑھ کر 3.2 راتیں ہو گئی، جو ابوظہبی کے دلکش تجربات اور پرکشش مقامات کی عکاسی کرتی ہے۔

عالمی سطح پر بھی ابوظہبی کی مقبولیت میں اضافہ دیکھا گیا۔ بھارت سے آنے والے سیاحوں میں 29 فیصد اور برطانیہ سے آنے والوں میں 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ عید الاضحیٰ 2025 کے دوران ہوٹلوں میں 80 فیصد اوکیوپینسی رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے، جبکہ فی کمرہ آمدنی میں 21 فیصد اور اوسط یومیہ نرخ میں 14 فیصد اضافہ ہوا۔

عید کے ایام میں ایشیائی ممالک سب سے بڑے ذرائع آمد رہے، جن کے بعد خلیجی ممالک بشمول بحرین، سعودی عرب اور قطر سے بڑی تعداد میں سیاح آئے۔

ابوظہبی شہر کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں بھی سیاحت کے شعبے میں ترقی جاری ہے۔ العین ریجن میں ہوٹل مہمانوں کی تعداد میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ RevPAR میں 7 فیصد اضافہ ہوا۔ العین اویسس میں 40 فیصد زیادہ سیاح آئے، قصر المعویجی میں 50 فیصد اضافہ دیکھا گیا، اور القطارة آرٹس سینٹر میں 42 فیصد زیادہ مہمانوں نے وزٹ کیا۔ الظفرہ ریجن میں بھی نمایاں ترقی ہوئی، جہاں RevPAR میں 21 فیصد اور قیام کی اوسط مدت میں 28 فیصد اضافہ ہوا۔

محکمہ ثقافت و سیاحت کے مطابق یہ شاندار نتائج ابوظہبی کی جامع سیاحتی حکمت عملی کے عملی اثرات کو ظاہر کرتے ہیں اور 2030 کے اہداف کے حصول کی جانب ایک مضبوط قدم ہیں۔ ان اہداف میں سالانہ 3 کروڑ 93 لاکھ سیاحوں کی آمد، 1 لاکھ 78 ہزار نئی ملازمتوں کی تخلیق، ہوٹل کمروں کی گنجائش 50 ہزار تک بڑھانا اور ابوظہبی کی معیشت میں 90 ارب درہم کا اضافہ شامل ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.