پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں 16 سے 18 نومبر 2025 تک منعقد ہونے والی فائیٹوپیتھولوجیکل سوسائٹی کی تین روزہ نویں بین الاقوامی کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس کا عنوان “تبدیل ہوتے موسمی حالات میں پودوں کے امراض کا مقابلہ برائے پائیدار غذائی تحفظ” تھا، جسے بارانی یونیورسٹی کے شعبہ پلانٹ پتھالوجی اور پاکستان فائیٹوپیتھولوجیکل سوسائٹی (پی پی ایس) نے مشترکہ طور پر منعقد کیا تھا۔ افتتاحی اجلاس کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد اکمل، چیئرمین پاکستان سائنس فاؤنڈیشن تھے جبکہ اختتامی تقریب میں ڈاکٹر لیاقت علی خان، پروجیکٹ ڈائریکٹر گرین اے آئی نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پودوں کی بیماریاں اور موسمیاتی تبدیلیاں زرعی پیداوار اور طویل المدتی غذائی پائیداری کے لیے مسلسل خطرہ بنتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کے موضوع کو بروقت اور نہایت اہم قرار دیتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ سائنسی برادری عملی اور مؤثر حل کی جانب پیش رفت کرے گی۔ انہوں نے بین الاقوامی کانفرنس کے منتظمین اور شرکاء کو عالمی غذائی نظام کو تحقیق اور باہمی تعاون کے ذریعے مضبوط بنانے کی کاوشوں پر سراہا۔
تقریب میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے نامور سائنس دانوں، محققین اور ماہرین نے شرکت کی۔ کانفرنس ہائبرڈ فارمیٹ میں منعقد ہوئی، جس میں عالمی مقررین نے بنفسِ نفیس اور آن لائن خطاب کیا۔ مختلف سیشنز میں ممتاز مہمانوں اور کلیدی مقررین نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تیزی سے بدلتا ہوا موسم عالمی زرعی نظام کے لیے شدید خطرات پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پودوں کے امراض تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، بیماریوں کی حدود میں وسعت آ رہی ہے اور غذائی تحفظ کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ کانفرنس میں پیش کی گئی معلومات اور مشترکہ تحقیقی کاوشوں، جدید سائنسی ترقی اور عالمی تحقیقی شراکت داریوں کو فروغ دینے کے لیے نہایت اہم قرار دیا گیا۔
کانفرنس میں تکنیکی سیشنز، پینل مباحثے، ماہرین کے لیکچرز، پوسٹر پریزنٹیشنز اور نمائش شامل تھی، جس کے ذریعے شرکاء کو علم و تجربات کے تبادلے کا متحرک پلیٹ فارم فراہم ہوا۔