امراض کی روک تھام، قومی ذمہ داری، ملک بھر کے نجی تعلیمی ادارے اس مہم میں پیش پیش ہیں،چودھری عبیداللہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان بھر میں جاری خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کے سلسلے میں کیریئر سکول اینڈ گرلز کالج میں پانچ سال تک کی عمر کے طلباء و طالبات کو حفاظتی قطرے اور ویکسین لگائی گئی۔ اس موقع پر نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز (نیپس) کے مرکزی صدر چوہدری عبیداللّہ نے سٹاف کے ہمراہ بچوں کو ویکسینیشن کروانے کے عمل کا جائزہ لیا اور مہم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔چوہدری عبیداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خسرہ اور روبیلا کی روک تھام قومی ذمہ داری ہے اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے حکومت کے ساتھ اس صحت عامہ کی مہم میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت اور تعلیم ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں، اسی لیے نجی شعبہ تعلیم ہمیشہ حکومتی کاوشوں کا ساتھ دیتا آیا ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملک بھر کے نجی تعلیمی ادارے ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرتے رہیں گے۔ تقریب کے دوران بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہا جبکہ اساتذہ اور والدین نے بھی مہم کو سراہا۔