” طلبہ کی تخلیقی پینٹنگ نے پولیو آگاہی کو نیا رنگ دے دیا”

0

راولپنڈی: پنجاب بھر میں 15 دسمبر سے شروع ہونے والی قومی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں راولپنڈی میں ایک آگاہی پروگرام منعقد ہوا جس میں راولپنڈی ویمن یونیورسٹی اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے ’’ایک بچہ پیچھے رہ جائے تو کہانی ادھوری لگتی ہے‘‘ کے عنوان سے ایک خوبصورت اور پُراثر پینٹنگ تخلیق کی۔ پینٹنگ میں بچوں کو ثقافتی کھیلوں میں مصروف دکھایا گیا ہے جبکہ ایک پولیو سے معذور بچی اپنے دوستوں کو کھیلتے دیکھ رہی ہے، جو پولیو ویکسی نیشن کی اہمیت اور محرومی کے اثرات کو واضح کرتا ہے۔ پینٹنگ میں ایک کیو آر کوڈ بھی شامل کیا گیا ہے جسے اسکین کرنے پر تصویر مکمل ہو جاتی ہے اور بچی کو پولیو سے پاک دکھایا گیا ہے، تاکہ یہ پیغام نمایاں ہو کہ حفاظتی قطرے ہر بچے کا بنیادی حق ہیں۔ تقریب میں ضلعی ہیلتھ اتھارٹی کے ڈاکٹر حارث نے شرکت کی اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ انہوں نے کہا کہ پینٹنگ کا عنوان پولیو سے بچاؤ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، جبکہ قطروں سے محروم بچے زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ پولیو مستقل معذوری کا باعث بنتا ہے، اس لیے ہر مہم میں بچوں کو لازمی قطرے پلائے جائیں۔ ڈاکٹر حارث نے بتایا کہ چار روزہ مہم کے دوران ضلع میں 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اور اس مہم میں 8 ہزار سے زیادہ ورکرز حصہ لیں گے۔ طلبہ نے حکومت کی آگاہی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.