پاکستان کا عزمِ انسانی حقوق ,اعظم نذیر تارڑ کا عالمی دن پر پیغام

0
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا انسانی حقوق کے عالمی دن 2025 کے موقع پر پیغام "انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر، حکومت پاکستان اپنے ہر شہری کے حقوق، آزادی اور وقار کے تحفظ اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ یہ عزم دستورِ پاکستان میں درج بنیادی حقوق اور ہمارے بین الاقوامی فرائض، بالخصوص عالمی اعلامیۂ انسانی حقوق کے تحت مضبوط ہے۔ حکومت پاکستان برابری، انصاف اور شمولیت کے اصولوں کو انسانی حقوق پر مبنی معاشرے کی بنیاد کے طور پر برقرار رکھتے ہوئے ان پر عمل پیرا ہے۔ وزارتِ انسانی حقوق، صوبائی حکومتوں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر شہریوں کے حقوق کے تحفظ، آگاہی کے فروغ اور انصاف تک سب کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی تاریخی 11 اگست 1947 کی تقریر میں فرمایا: "آپ آزاد ہیں؛ آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ اپنی مساجد میں جانے کے لیے آزاد ہیں، اور آپ پاکستان کی سرزمین پر کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا نسل سے ہو، اس کا ریاست کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔” اسلام کی تعلیمات، جو عدل، رحم، مساوات اور احترامِ انسانیت پر زور دیتی ہیں، کی رہنمائی میں ہم ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے پرعزم ہیں جہاں ہر فرد وقار، آزادی اور احترام کے ساتھ زندگی گزار سکے۔ میں اقوام متحدہ کے اداروں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے تسلسل اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ ہمیں آئندہ نسلوں کے لیے ایک ایسا پاکستان بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنا ہوگا جو انصاف، برابری اور شمولیت پر مبنی ہو۔ اللہ تعالیٰ ہمارے اس مشترکہ سفر کو کامیاب فرمائے اور ہمیں استقامت عطا کرے۔ آمین۔”
Leave A Reply

Your email address will not be published.