فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں تاریخی ملاقات آج رات 10 بجے طے
کسی بھی آرمی چیف کی امریکی صدر سے پہلی ون آن ون ملاقات — پاکستان کی عسکری قیادت پر عالمی اعتماد اور اسٹریٹجک حیثیت کا اعتراف
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اہم ملاقات کا وقت طے پا گیا، یہ ملاقات رات 10 بجے ہوگی، یہ کسی بھی آرمی چیف کی امریکی صدرسے پہلی ملاقات ہے۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کابینہ سے اہم اور تاریخی ملاقات ہونے جارہی ہے، یہ ملاقات آج امریکا میں ایسٹرن وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے یعنی پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، فیلڈ مارشل کا یہ تاریخی دورہ پاک امریکا تعلقات اور عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کی پہچان کی عکاسی کا مظہر ہے، یہ ملاقات علاقائی اور عالمی استحکام میں کلیدی شراکت دار کے طور پر پاکستان کی عسکری قیادت پر بڑھتے ہوئے اعتماد اور اہمیت کی نشاندہی کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کسی بھی بھارتی وفد سے پہلے وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا گیا، یہ امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کی اسٹریٹجک ترجیح کا واضح اشارہ ہے، امریکی صدر سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات اس بات کی غمازی ہے کہ امریکا علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار سے بخوبی واقف ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اور حساس نوعیت کے باعث اس ملاقات میں میڈیا یا صحافیوں کو شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس ملاقات سے متعلق کچھ تفصیلات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور کابینہ کے اہم اراکین بھی شریک ہوں گے تاہم پاکستان کی جانب سے کوئی سویلین نمائندگی اس میں شامل نہیں ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں کسی بھی پاکستانی آرمی چیف کو امریکی صدر سے براہِ راست اس نوعیت کی ملاقات کا موقع نہیں ملا۔ سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی امریکی صدر جارج بش سے ملاقات بطور صدر مملکت ہوئی تھی جبکہ جنرل راحیل شریف اور جنرل قمر جاوید باجوہ کے امریکی دورے زیادہ تر عسکری تعلقات اور دفاعی تعاون کے تناظر میں رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات ایک منفرد ملٹری انگیجمنٹ ہے، یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب خطے کی صورتحال اور پاک امریکہ تعلقات میں کئی اہم پہلو عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی یہ سفارتی سرگرمی دونوں ممالک کے مابین دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو نئی جہت دینے کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔