اسلامی نظریاتی کونسل, مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی چیئرمین ڈاکٹر راغب نعیمی سے ملاقات
قومی نصاب میں اہل تشیع مؤقف کی عکاسی اور وحدت امت کے فروغ پر گفتگو، ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیف آرگنائزر علامہ سید ناصر عباس شیرازی کی قیادت میں ایک وفد نے آج بتاریخ 19/جون 2025ء کو اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی سے ملاقات کی۔وفد میں علامہ سید حسنین عباس گردیزی، ملک اقرار حسین علوی اور مولانا شمس الدین بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران قومی نصاب تعلیم میں مکتب اہل تشیع کے فکری مؤقف کی مناسب ترجمانی، نیز اسلامی نظریاتی کونسل میں شیعہ مکتب فکر کی مؤثر نمائندگی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی جانب سے چیئرمین کونسل کو ایک تحریری یادداشت بھی پیش کی گئی۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے وفد کی معروضات کو سنا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کونسل اپنی آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے تمام مکاتب فکر کے نقطہ ہائے نظر کو ملحوظ رکھتی ہے اور قومی وحدت و ہم آہنگی کے فروغ کو مقدم جانتی ہے۔ انہوں نے باہمی مکالمے کی روایت کو سراہتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ کونسل مستقبل میں بھی مشاورت اور جملہ مکاتب فکر کی شمولیت کے ذریعے مسائل حل کرے گی۔ مجلس کے اختتام پر برادر اسلامی ملک اسلامی جمہوریہ ایران پر جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔ ایرانی قوم اور قیادت کے جرأت مندانہ دفاع کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، اور اس موقع پر حکومتِ پاکستان کے اصولی اور غیر متزلزل مؤقف کو سراہا گیا۔