پائیدار ترقی اور پالیسی تحقیق کے فروغ کے لیے ایس ڈی پی آئی اور ایئر یونیورسٹی میں اشتراک

مشترکہ تحقیق، علمی تبادلے اور پالیسی ڈائیلاگ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط؛ شواہد پر مبنی پالیسی سازی کی سمت اہم قدم

0
اسلام آباد: پالیسی ادارہ برائے پائدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) اور ایئر یونیورسٹی اسلام آباد نے ایک جامع مفاہمتی یادداشت (MoU) پر باضابطہ دستخط کئے ہیں، جس کا مقصد پائیداری، پالیسی تحقیق، علمی اشتراک اور ادارہ جاتی بہتری جیسے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یادداشت پر ایس ڈی پی آئی کے ڈپٹی ایگزیکٹوڈائریکٹر (پالیسی) ڈاکٹر شفقت منیر احمد اور ایئر یونیورسٹی کے ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) ایئر کموڈور (ر) فواد ظہیر نے دستخط کئے۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے وفد میں معظم شریف بھٹی (ڈائریکٹر ایڈووکیسی و کیمپینز) احد نذیر (ایسوسی ایٹ ریسرچ فیلو) اور رومیلہ قمر (ایسوسی ایٹ مینیجنگ ایڈیٹر ریسرچ) بھی موجود تھے۔ ایئر یونیورسٹی کی نمائندگی ڈاکٹر سلمان حسن خان (ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل) ڈاکٹر سہیل اقبال (چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف ڈی ایم اے ای) ڈاکٹر اسامہ قاضی (چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف جنرل اسٹڈیز) لیفٹیننٹ کرنل (ر) عامر طور (ڈپٹی ڈائریکٹر QEC) ماہین اشتیاق (اسسٹنٹ ڈائریکٹر QEC) اور کنزہ ایاز نے کی۔تقریب کا آغاز ایئر یونیورسٹی کی تدریسی، تحقیقی اور فکری خدمات سے متعلق ایک مختصر دستاویزی فلم سے ہوا ۔ ڈاکٹر سلمان حسن خان نے ایئر یونیورسٹی کے تعلیمی معیار، تحقیق سے وابستگی، اور بامقصد شراکت داری کے عزم کو اجاگر کیا۔ ایس ڈی پی آئی کے نمائندے ڈاکٹر شفقت منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارہ ایس ڈی پی آئی ایئر یونیورسٹی کے ساتھ اس اشتراک کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور یہ شراکت پاکستان میں شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور پائیدار ترقی کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے مشترکہ تحقیق، تربیتی پروگرامز، طلبہ و اساتذہ کے تبادلے، پالیسی ڈائیلاگ اور استعداد کار بڑھانے کی سرگرمیوں میں باہم تعاون کریں گے۔ اس اشتراک کا بنیادی مقصد علمی دنیا اور پالیسی سازی کے درمیان موجود خلیج کو دور کرنا اور قومی سطح پر فکری و عملی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے تاکہ ترقی کا سفر پائیدار اور جامع بنیادوں پر آگے بڑھ سکے۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.