لاہور:
پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کمیونی کیشن و انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سروسز ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ (پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ اور یوفون 4G) نے ایک بار پھر معروف جیولین تھرو کھلاڑی اور اولمپیئن ارشد ندیم کی حمایت اور تعاون کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ٹی سی ایل گروپ کا مقصد محض ایک شراکت دار کی بجائے اُن کے مقصد اور صلاحیت پر غیر متزلزل یقین رکھنے والے ساتھی کے طور پر ان کے سفر میں ساتھ دینا ہے ۔ لاہور میں منعقدہ تقریب میں پی ٹی سی ایل گروپ نے اپنے عزم کی تجدید کی کہ وہ ہار جیت سے قطعِ نظر ارشد ندیم کے مثالی نظم و ضبط، ناقابلِ شکست جذبے اور اٹل یقین کی بدولت ہر مرحلے پر اُن کے ہمراہ کھڑا رہے گا۔
ارشد ندیم بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے شعبے میں پاکستان کے فخر کی علامت ہیں۔ وہ اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں، جنہوں نے بعد ازاں2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیتا،2023 ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا، اور سب سے بڑھ کر2024 کے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔ وہ آج بھی قوم کو اپنی محنت، لگن اور استقامت سے متاثر کر رہے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گروپ نائب صدر، برانڈز اینڈ کمیونی کیشن، پی ٹی سی ایل و یوفون4G، سیف الدین خان نے کہا، ’’ہمیں ہمیشہ سے ارشد پر پورا بھروسہ تھا۔ اس لیے نہیں کہ وہ تمغے جیتتا ہے، بلکہ اس لیے کہ وہ کچھ بڑا کرنے کی جرات اور کردار رکھتا ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک بار پھر ان کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ہمارا ساتھ صرف ایک مہم کے لیے نہیں، بلکہ ایک بڑے مقصد کا حصہ بننے کے لیے ہے۔‘‘
ارشد ندیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’پی ٹی سی ایل گروپ اُس وقت میرے ساتھ کھڑا ہوا، جب میری اتنی شہرت نہیں تھی۔ ایسا یقین ایک ایتھلیٹ کو میدان کے اندر اور باہر دونوں جگہ ہمت اور طاقت دیتا ہے ۔ اب جب میں اپنے سفر کے ایک اور اہم مرحلے میں داخل ہو رہا ہوں، تو مجھے خوشی ہے کہ وہ ایک بار پھر میرے ساتھ ہیں۔ صرف ہا ر جیت اہمیت نہیں رکھتی، بلکہ دنیا کو پاکستان کا اصل جذبہ دکھانے کی ضرورت ہے ۔‘‘
اس سال ارشد ندیم تین بڑے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جن میں ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، اور ڈائمنڈ لیگ شامل ہیں۔ اس بار بھی انہیں پی ٹی سی ایل گروپ کی حمایت حاصل ہوگی، جیسے پیرس اولمپکس سے کئی ماہ پہلے بلامشروط طور پر حاصل تھی۔ اس شراکت داری کا تسلسل ایک مشترکہ سفر کی عکاسی کرتا ہے، جو محنت، نظم و ضبط اور پاکستان کا پرچم عالمی سطح پر بلند کرنے کے عزم سے عبارت ہے۔
پی ٹی سی ایل گروپ ارشد ندیم کے آئندہ بین الاقوامی تربیتی مرحلے کیلئے بھی مکمل مالی تعاون فراہم کر رہا ہے، جو برطانیہ میں منعقد ہو گا، تاکہ انہیں عالمی معیار کی کوچنگ، اعلیٰ درجے کی سہولیات، اور ایک مسابقتی ماحول فراہم کیا جا سکے جو اُن کی عالمی امنگوں سے ہم آہنگ ہو۔
پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستان میں کھیلوں اور نوجوانوں کی ترقی کے اپنے عزم کا مسلسل اعادہ کیا ہے۔ اس وقت کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے ستارے بابر اعظم کو بھی پی ٹی سی ایل گروپ کی حمایت حاصل ہے، لیکن گروپ کا اسپورٹس وژن صرف کرکٹ تک محدود نہیں ہے۔
سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں قومی والی بال ٹیم کی تاریخی فتح سے لے کر قومی کھیل ہاکی کے متعلق شعور اور احساسِ تفاخر کو زندہ کرکے پاکستان ہاکی کی بحالی کی کوششوں تک، پی ٹی سی ایل گروپ اُن تمام کھلاڑیوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے جو اس قوم کے جذبے، حوصلے اور عزم کی نمائندگی کرتے ہیں۔
ارشد ندیم اور دیگر کئی کھلاڑیوں سے تعاون کے ذریعے پی ٹی سی ایل گروپ اس یقین کی تجدید کرتا ہے کہ عظمت کی شروعات داد سے نہیں، بلکہ اعتماد سے ہوتی ہے، اور جب یہ اعتماد عمل سے جُڑ جائے، تو پوری قوم آگے بڑھتی ہے۔