بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں انڈرگریجوایٹ داخلوں کے لیے پہلے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

بارانی یونیورسٹی نے ہمیشہ جدید اور معیاری تعلیم کو ترجیح دی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان

0

پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے انڈرگریجوایٹ داخلوں سال 2025 کے لیے پہلے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا جس میں خیبر تا کراچی ملک بھر سے کثیر تعداد میں طلبا نے شرکت کی۔ یہ انٹری ٹیسٹ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے مرکزی کیمپس (شمس آباد، مری روڈ ، راولپنڈی) کے علاوہ 12 شہروں میں بھی انعقاد پذیر ہوا جس میں اٹک، خوشاب، گجرات، منڈی بہاءالدین، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، بورے والا، ملتان، راجن پور، بھلوال اور گلگت شامل ہیں۔

بارانی یونیورسٹی میں 44 سے زائد انڈرگریجوایٹ پروگرامز میں داخلے جاری ہیں جن کے لیے پہلے انٹری ٹیسٹ کی تاریخ 22 جون 2025ء مقرر کی گئی تھی جبکہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 20 جون 2025ء تھی تاہم طلبا کی سہولت کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ نے ٹیسٹ کے روز موقع پر بھی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی اور وہ طلبا جو وقت پر آن لائن رجسٹریشن نہیں کروا سکے انھیں موقع پر ہی رجسٹریشن کے بعد انٹری ٹیسٹ کی اجازت دے دی گئی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان کا کہنا تھا کہ بارانی یونیورسٹی نے ہمیشہ سے جدید اور معیاری تعلیم کو ترجیح دی ہے یہی وجہ ہے ملکی جامعات میں بارانی یونیورسٹی نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔ ملک بھر سے طلباء یونیورسٹی کا رخ کر رہے ہیں اور یہاں ماہر اور قابلِ اساتذہ کی زیرِ نگرانی تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔ طلبا کی سہولت کے لیے مرکزی کیمپس کے علاوہ 12 شہروں میں ٹیسٹ سنٹرز بنائے گئے ہیں تاکہ انھیں دور دراز کا سفر نہ کرنا پڑے اور وہ باآسانی اپنے یا کسی قریبی شہر کے سنٹر ہی میں داخلہ ٹیسٹ دے سکیں۔ وائس چانسلر صاحب نے مزید بتایا کہ یہ پہلا انٹری ٹیسٹ تھا، دوسرا انٹری ٹیسٹ 20 جولائی 2025ء کو ہوگا جس کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 18 جولائی 2025 ہے۔

پرنسپل آفیسر پی آر پی ڈاکٹر ندیم احمد ملک کا کہنا تھا کہ طلبا کو ایک مزید سہولت یہ بھی فراہم کی جا رہی ہے کہ ایسے طلبا جو پہلے ٹیسٹ کی رجسٹریشن کروا چکے تھے لیکن کسی وجہ سے ٹیسٹ نہیں دے سکے، وہ دوسرے انٹری ٹیسٹ کے لیے اہل ہیں اور دوبارہ رجسٹریشن کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ وائس چانسلر صاحب کے وژن کے مطابق یونیورسٹی کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے اور حال ہی میں طلبا کی سہولت کے لیے ایڈمشن آفس اینڈ سٹوڈنٹ فیسیلیٹیشن سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔ داخلوں کے متعلق تمام تفصیلات اور معلومات یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.uaar.edu.pk ہر موجود ہیں اور باآسانی طلبا استفادہ کر سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.