پنجاب اسمبلی میں بچوں کے حقوق پر مشاورتی اجلاس، سارہ احمد کی مساوی بجٹ سازی پر زور
بچوں پر مرکوز پالیسیوں کی مؤثر عملدرآمد کیلئے فالو اپ نظام کی ضرورت، وزیراعلیٰ پنجاب کی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کو تاریخی اقدام قرار
یونیسیف پاکستان کی ڈپٹی نمائندہ پروگرام شرمیلا رسول نے اجلاس میں بجٹ میں مساوات کے فروغ کے سلسلے میں درپیش چیلنجز اور حکمت عملیوں پر ایک معلوماتی پریزینٹیشن دی۔اس موقع پر ایم پی اے سارہ احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبے کی پہلی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی منظوری بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایک تاریخی اقدام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی نے ہمیشہ بچوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کیے ہیں۔سارہ احمد نے اس بات پر زور دیا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی جانب سے پہلی مرتبہ چائلڈ رائٹس کاکس کا قیام بچوں کے حقوق کی پارلیمانی سطح پر ترجمانی کے لیے ایک نمایاں قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ مساوی بجٹ سازی میں اراکین اسمبلی، قائمہ کمیٹیوں اور کاکسز کا کلیدی کردار ہے۔سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کے لیے مساوی، منصفانہ اور ترجیحی بجٹ کی تقسیم وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے شراکت داری اور متبادل مالی ذرائع کے ذریعے وسائل میں اضافہ ممکن ہے۔