“شادی ایک جُوا ہے، جلد بازی نہیں کروں گی” مہوش حیات

معروف اداکارہ نے عمر، شادی، اور خواتین فنکاروں کے ساتھ معاشرتی رویے پر کھل کر بات کی، ہدایتکاری کی خواہش کا اظہار بھی کر دیا

0

کراچی : پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے کہ وہ شادی کو ایک جُوا سمجھتی ہیں اور اس معاملے میں کبھی بھی جلد بازی نہیں کریں گی۔ ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے اپنے کیریئر، ذاتی خیالات، اور مستقبل کے ارادوں سے پردہ اٹھایا۔

مہوش حیات نے کہا کہ وہ مستقبل میں ہدایتکاری کی خواہش رکھتی ہیں اور ڈراموں کے سیٹس پر ہدایتکاروں کا کام غور سے دیکھتی ہیں تاکہ وہ باریکیاں اپنے کام میں لا سکیں۔ شادی سے متعلق سوال پر اداکارہ نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ وہ کسی ایسے شخص سے شادی کرنا چاہتی ہیں جو ان کے لیے ذہنی سکون اور اعتماد کا باعث بنے۔

اداکارہ نے پاکستانی معاشرے میں مرد و خواتین کے لیے مختلف پیمانوں پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مردوں کو عمر رسیدہ ہونے کے باوجود کم عمر اداکاراؤں کے ساتھ اسکرین پر پیش کیا جاتا ہے، جبکہ خواتین فنکاراؤں پر عمر کا غیرضروری دباؤ ڈالا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمر کا بڑھنا ایک قدرتی عمل ہے، اور اس پر کسی کو شرمندہ یا محدود نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے معاشرتی رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہماری ثقافت میں خواتین اداکاراؤں کی مہارت و صلاحیت کے بجائے ان کی عمر کو موضوعِ بحث بنایا جاتا ہے، جو کہ ناانصافی ہے۔

مہوش حیات کا کہنا تھا کہ وہ حقیقت پسند ہیں، تھوڑا بہت رومانس ضرور ہے لیکن زندگی کے بڑے فیصلے جذبات کے بجائے سمجھداری سے کرنا چاہتی ہیں۔ شادی کے بارے میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ تب ہی فیصلہ کریں گی جب مکمل اعتماد اور ذہنی ہم آہنگی کا یقین ہو۔

اداکارہ کے مطابق اگرچہ کئی لوگوں کے لیے شادی اولین ترجیح ہوتی ہے، لیکن وہ چاہتی ہیں کہ یہ قدم سوچ سمجھ کر اور زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا جائے، نہ کہ معاشرتی دباؤ میں آ کر۔

Ask ChatGPT
Leave A Reply

Your email address will not be published.