ایریڈ یونیورسٹی میں "موسمیاتی سمارٹ زراعت” پر بین الاقوامی کتاب کی رونمائی
ڈاکٹر رائے محمد عامر کی اسپرانگر سے شائع کتاب مستقبل کی غذائی سلامتی اور موسمیاتی چیلنجز کے سمارٹ حل پیش کرتی ہے، وائس چانسلر نے تحقیق کی عالمی اہمیت کو سراہا
راولپنڈی : پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی (PMAS-AAUR) میں ایک اہم علمی سنگِ میل اس وقت طے ہوا جب ڈاکٹر رائے محمد عامر کی تصنیف "موسمیاتی سمارٹ زراعت اور مستقبل کی خوراکی سلامتی” کی رونمائی کی گئی۔
جامعہ کے معزز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان اور رجسٹرار جناب محمد عقیل سلطان نے کتاب کی باقاعدہ تقریبِ رونمائی میں شرکت کی اور اس اہم کتاب کا افتتاح کیا۔ یہ کتاب عالمی شہرت یافتہ پبلشر اسپرانگر نے شائع کی ہے، جو اس کی بین الاقوامی اہمیت اور سائنسی افادیت کا ثبوت ہے۔
کتاب میں موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب زراعت کو درپیش چیلنجز اور ان کے سمارٹ اور پائیدار حل تجویز کیے گئے ہیں، جو بالخصوص بنجر اور نیم بنجر علاقوں میں مستقبل کی خوراکی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ہوں گے۔ ڈاکٹر رائے محمد عامر، جو انسٹیٹیوٹ آف فوڈ اینڈ نیوٹریشنل سائنسز کے ممتاز محقق ہیں، نے اس کتاب میں جدید سائنسی ماڈلز، پالیسی سفارشات اور عملی تجاویز شامل کی ہیں۔
وائس چانسلر ڈاکٹر قمر الزمان نے ڈاکٹر عامر کی کاوشوں کو سراہا اور مقامی تحقیق کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کے لیے مؤثر حل تلاش کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر شائع ہونے والی یہ کتاب جامعہ کے علمی وقار میں اضافہ کرے گی۔
رجسٹرار جناب محمد عقیل سلطان نے کہا کہ "یہ کتاب جامعہ کی علمی خدمات میں ایک قابلِ فخر اضافہ ہے، جو مقامی تحقیق کے ذریعے عالمی مسائل کے حل کی عکاسی کرتی ہے۔”