پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم، ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 31 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور
مسلسل تیزی کا رجحان جاری، کاروباری اعتماد میں اضافہ، ڈالر بھی 15 پیسے سستا ہو گیا۔
کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 31 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، 800 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 31 ہزار 325 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 2144 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 30 ہزار 344 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
منگل کو مالی سال کے پہلے روز بھی مارکیٹ 2 ہزار 572 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 28 ہزار 199 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔
دوسری جانب انٹر بینک میں امریکی کرنسی 15 پیسے سستی ہوئی ہے، ڈالر 283.95 روپے سے کم ہو کر 283.80 روپے پر آگیا ہے۔