بھارت نے ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کو پاکستان کے خلاف پالیسی بنا لیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا الجزیرہ کو انٹرویو — بھارت بلوچستان میں عدم استحکام، فتنہ الخوارج اور دہشتگردی کی مالی معاونت میں ملوث ہے۔

0

راولپنڈی:  ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت ریاستی سطح پر دہشتگردی کی سرپرستی کر کے اسے پاکستان کے خلاف باقاعدہ پالیسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے، خاص طور پر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی منظم سازش کے تحت۔

الجزیرہ ٹی وی کو خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت نہ صرف پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کی مالی معاونت کر رہا ہے بلکہ دہشتگرد تنظیموں کو عملی حمایت بھی فراہم کر رہا ہے۔ گزشتہ ماہ وزیرستان میں ہونے والے بم دھماکے، جس میں 16 فوجی جوان شہید ہوئے، اس تناظر میں انہوں نے بھارت کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے وضاحت کی کہ ‘خوارج’ کی اصطلاح ان گمراہ مسلح گروہوں کے لیے استعمال کی جا رہی ہے جو ریاست اور افواج پر حملہ آور ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام میں جہاد یا قتال کا اختیار صرف ریاست کو حاصل ہے، کسی فرد، گروہ یا تنظیم کو یہ اختیار نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ’فتنہ الہندوستان‘ کی اصطلاح ان دہشتگردوں کے لیے استعمال کی جا رہی ہے جو بھارت کی پشت پناہی میں پاکستان، خاص طور پر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے میں مصروف ہیں۔

انٹرویو کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی قیادت خود مختلف مواقع پر پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کا اعتراف کر چکی ہے، جب کہ اس نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ بھارتی قومی سلامتی مشیر اجیت دوول ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکا اور کینیڈا سمیت کئی عالمی قوتیں بھارتی ریاستی دہشتگردی کے خطرے کو تسلیم کر چکی ہیں۔

انہوں نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کی گئی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی سیاسی و سفارتی حمایت کا اعادہ کیا، اور واضح کیا کہ اسلامی ممالک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو پاکستان خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ سمجھتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر بھی بات کی اور کہا کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت مکمل محفوظ اور ناقابل تسخیر ہے، اور کوئی دشمن اسے نشانہ بنانے کی جرات نہیں کر سکتا۔ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے جو خطے میں امن و توازن کی ضامن ہے۔

Ask ChatGPT
Leave A Reply

Your email address will not be published.