شیخہ اسما آل ثانی پاکستان کی پہاڑی سیاحت کی سفیر مقرر

نانگا پربت سر کرنے والی پہلی قطری خاتون کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے غیر معمولی اعزاز، پاکستان اور قطر کی دوستی میں نیا سنگِ میل

0

اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کی معروف کوہ پیما اور شاہی خاندان کی رکن شیخہ اسما آل ثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی سفیر مقرر کر دیا ہے۔ شیخہ اسما نے حال ہی میں دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کر کے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی قطری خاتون ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیخہ اسما کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ کامیابی حوصلے اور عزم کا پیغام ہے اور پاکستان و قطر کے درمیان پائیدار دوستی کی علامت بھی۔

انسٹاگرام پر اپنے جذبات شیئر کرتے ہوئے شیخہ اسما نے بتایا کہ یہ ان کی نویں آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹی تھی، اور اب تک کی سب سے مشکل چڑھائیوں میں سے ایک۔ انہوں نے بتایا کہ راستے میں برفانی تودوں، گرنے والے پتھروں اور شدید خطرات کے باوجود یہ مہم ان کے لیے روحانی، جذباتی اور جسمانی طور پر ایک نیا تجربہ بنی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ وہ صرف چوٹی سر کرنے کے لیے نہیں چڑھتیں، بلکہ اپنے اندر جھانکنے، اصل زندگی کی اہمیت کو سمجھنے اور خود سے دوبارہ جڑنے کے لیے کوہ پیمائی کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہاڑ اب ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔

شیخہ اسما اس سے قبل ماؤنٹ ایورسٹ، کے ٹو اور مکالو سمیت کئی بلند چوٹیوں کو سر کر چکی ہیں۔ نانگا پربت کی چوٹی پر انہوں نے قطر کا قومی پرچم بھی لہرایا، جو قطر کی خواتین کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔

Ask ChatGPT
Leave A Reply

Your email address will not be published.