اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل، والدکا میت وصول کرنے سے انکار

فلیٹ سے لاش ملنے کے بعد کیس میں نیا موڑ، لواحقین نے قطع تعلق کا دعویٰ کر دیا، شوبز انڈسٹری کی خاموشی سوالیہ نشان

0

کراچی: شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، تاہم واقعے نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب ان کے والد نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا۔

پولیس کے مطابق اداکارہ کا تعلق لاہور سے تھا، اور وہ 2018 سے مذکورہ فلیٹ میں کرائے پر مقیم تھیں۔ 2024 سے کرایہ ادا نہ کیے جانے پر مالک مکان نے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا۔ پولیس عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کرانے پہنچی تو دروازہ بند پایا، جسے توڑ کر اندر داخل ہونے پر حمیرا اصغر کی کئی دن پرانی لاش برآمد ہوئی۔

لاش کو سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ کا انتظار ہے تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مرحومہ کے موبائل فونز کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق، حمیرا کے والد اور بھائی سے رابطہ کیا گیا تاہم والد نے کراچی آنے اور بیٹی کی لاش وصول کرنے سے صاف انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈیڑھ سے دو سال قبل حمیرا سے قطع تعلق کر لیا تھا اور اب بھی کسی قسم کی ذمہ داری لینے پر آمادہ نہیں۔

ایس ایس پی کے مطابق والد کو قائل کرنے کی کوشش کی گئی مگر ان کی جانب سے کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔ پولیس کی کوشش ہے کہ اہل خانہ جلد از جلد کراچی پہنچیں تاکہ قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔

اس افسوسناک واقعے کے باوجود شوبز انڈسٹری کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ اداکارہ کے پڑوسیوں نے بھی بیان دیا ہے کہ انہوں نے حمیرا کو کئی دنوں سے آتے جاتے نہیں دیکھا۔ اس خاموشی نے واقعے کو مزید پراسرار بنا دیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.