پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر وائس چانسلر کا عزم

بارانی زرعی یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی زیرِ صدارت جنرل میٹنگ، تعلیمی و انتظامی ترجیحات پر غور

0

پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان، وائس چانسلر، پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کی زیرِ صدارت اہم ادارہ جاتی ترجیحات کا جائزہ لینے اور انھیں بڑھانے کے حوالے سے جنرل میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میٹنگ میں یونیورسٹی کے سینئر حکام بشمول رجسٹرار، ٹریژر، ڈینز، ڈائریکٹرز، چیئرپرسنز، اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی اور انڈرگریجویٹ داخلہ مہم، تعلیم و تحقیق کے معیار کو مزید بہتر کرنے کے لیے حکمت عملی، کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل درآمد اور یونیورسٹی کے دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے تعلیمی اور انتظامی ٹیموں کی شب و روز محنت کو سراہتے ہوئے یونیورسٹی میں ہونے والی نمایاں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے انڈر گریجویٹ داخلہ مہم کی کامیابی اور تعلیم کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے میں مشترکہ کاوشوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ابھی ہم نے کئی اہم سنگِ میل عبور کرنے ہیں اور اپنے تمام اہداف کا حصول ممکن بنانا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے نے یونیورسٹی میں کفایت شعاری کے اقدامات کو اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے تمام فیکلٹیز اور شعبہ جات کو اس حوالے سے بہتر حکمتِ عملی کی تیاری اور بچت کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھانے کو کہا۔ انھوں نے مزید کہا کہ پائیدار ترقی اور بہتر کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے یونیورسٹی کے وسائل کے استعمال کو بہتر بنائیں۔

وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے امتحانی نظام میں بہتری کی اہمیت پر بھی زور دیا جس کا مقصد آپریشنل کارکردگی اور طلبہ کی سہولت کو بہتر بنانا ہے۔ داخلوں کےحوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انڈرگریجویٹ داخلہ مہم جاری ہے، جس میں طلباء کو درخواست دینے اور بارانی زرعی یونیورسٹی میں دستیاب بہترین تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی جا رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.