فیڈرل بورڈ نے جماعت نہم و دہم کے نتائج کا اعلان کر دیا، پوزیشنز پر طالبات کا راج

سائنس اور ہیومینیٹیز گروپ میں نمایاں کامیابیاں، وفاقی نظامت تعلیمات کا کوئی ادارہ پوزیشن حاصل نہ کر سکا , وزیر تعلیم کا نوجوانوں میں تعلیم کے ساتھ ہنر کے فروغ پر زور

0

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے سال 2025 کے جماعت نہم و دہم کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ اعلان کردہ نتائج کے مطابق اس سال بھی طالبات نے میدان مار لیا، جبکہ وفاقی نظامت تعلیمات کے تحت کام کرنے والے کسی تعلیمی ادارے کو پوزیشن حاصل نہ ہو سکی۔

سائنس گروپ میں آرمی پبلک سکول، محفوظ روڈ راولپنڈی کی مریم ندیم نے 1093 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، جب کہ لاہور گرائمر اسکول، دی مال واہ کینٹ کی آمنہ ناصر نے 1087 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ تیسری پوزیشن املاح فاؤنڈیشن اسکول اینڈ کالج، مصریال روڈ راولپنڈی سے علیشاء ثاقب اور آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج گرلز، اٹک کی فاطمہ واجد نے مشترکہ طور پر 1083 نمبر حاصل کر کے حاصل کی۔

ہیومینیٹیز گروپ میں شائنگ اسٹار پبلک اسکول، علامہ اقبال کالونی راولپنڈی کینٹ کی ثناء بی بی نے 1045 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سائنس، سترہ میل اسلام آباد کے عبد الرحمن نے 1029 نمبر حاصل کر کے دوسری اور اسی ادارے کے محمد سفیان احمد نے 1022 نمبر لے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

اس موقع پر فیڈرل بورڈ آفس اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بٹن دبا کر نتائج کا باقاعدہ اعلان کیا۔ انہوں نے کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان دنیا بھر میں اپنی محنت اور قابلیت سے اپنی جگہ بنا رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان کو بھی چین کی طرز پر اپنی آبادی کو بوجھ نہیں بلکہ طاقت بنانا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 10 سے 15 سال ہمارے لیے بہت اہم ہیں، دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور ہمیں اپنی نوجوان نسل کو نہ صرف تعلیم بلکہ ہنر سے بھی لیس کرنا ہو گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے دور میں طالبات کی تعلیمی کارکردگی طلباء سے بہتر ہے، اور اس سال کی پوزیشنز نے بھی اس رجحان کو ثابت کیا ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ ہمیں بطور معاشرہ ان ہونہار طالبات کے لیے دلوں اور اداروں میں جگہ پیدا کرنی ہو گی تاکہ وہ معاشرے میں اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کر سکیں۔

تقریب میں والدین، اساتذہ، تعلیمی ماہرین اور بورڈ کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی اور کامیاب طلبہ و طالبات کو خراجِ تحسین پیش کیا

Ask Cha
Leave A Reply

Your email address will not be published.