پی ٹی وی اور چینی نشریاتی ادارے کے درمیان معاہدہ، ترقی پر مشترکہ دستاویزی فلم تیار ہوگی
پاکستان–چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ پر "ترقی کا راستہ – پاکستان" کے عنوان سے دو اقساط پر مشتمل فلم 2026 میں مشترکہ طور پر نشر کی جائے گی
شیان۔:وفاقی سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی مینجنگ ڈائریکٹر عنبرین جان اور چین کے شعبہ بین الاقوامی تعاون کی سربراہ اور گوانگ شی ریڈیو اینڈ ٹی وی سٹیشن کی ڈپٹی ایڈیٹر انچیف زینگ کیوئی نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن لمیٹڈ اور گوانگ شی ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن کے درمیان تعاون کے پروٹوکول پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ مناتے ہوئے ’’ترقی کا راستہ-پاکستان ‘‘ کے عنوان سے مشترکہ طور پر ایک دستاویزی فلم کی منصوبہ بندی اور تیاری کی جائے گی۔
یہ دو اقساط پر مشتمل ہوگی اور ہر قسط کا دورانیہ 30 منٹ ہو گا ۔ یہ دستاویزی فلم 21 مئی 2026ء (سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ) کے آس پاس گوانگ شی ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے چینلز اور نئے میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ ساتھ پاکستان ٹیلی ویژن کے نئے میڈیا پلیٹ فارمز اور ٹی وی چینلز پرنشر کی جائے گی۔