ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات کا حسین امتزاج، بچوں کی شخصی و ثقافتی تربیت کا کامیاب سلسلہ مکمل

یونیس ایمری انسٹی ٹیوٹ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا سمر کیمپ اختتام پذیر، ترک ثقافت سے بچوں کی قربت میں اضافہ

0

یونیس ایمری انسٹی ٹیوٹ نے پاکستان کی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی (AIOU) کے اشتراک سے 17 جولائی 2025 کو اسلام آباد میں علامہ اقبال یونیورسٹی کے کیمپس میں بچوں کے سمر کیمپ کی اختتامی تقریب اور اسناد کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔۔
کیمپ کے دوران بچوں کو ترکیہ کی ثقافت کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرایا گیا، جن میں ترک زبان، خطاطی، روایتی ترک تیراندازی، اور حکمت و دانش کا کھیل "منگالا” شامل تھے۔ بچوں نے ان سرگرمیوں میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
تقریب کو ڈاکٹر عرفان نزیراوغلو، سفیرِ جمہوریہ ترکیہ برائے اسلام آباد، اور پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، وائس چانسلر اے آئی او یو، کی شرکت سے رونق بخشی گئی۔ شرکاء کے اہل خانہ نے بھی تقریب میں شرکت کی، جہاں بچوں نے ترک گیت پیش کیے اور ملا نصرالدین کے دلچسپ قصے سنائے، جنہوں نے ماحول کو خوشگوار اور رنگین بنا دیا۔
افتتاحی خطاب میں ڈاکٹر زاہد مجید نے یونیس ایمری انسٹی ٹیوٹ اور علامہ اقبال یونیورسٹی کے درمیان جاری تعاون کو سراہا اور کہا کہ یہ سمر کیمپ — جو اب اپنے تیسرے سال میں داخل ہو چکا ہے — بچوں کی شخصی اور ثقافتی نشوونما میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

یونیس ایمری انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے ڈائریکٹر، پروفیسر ڈاکٹر حلیل توکار، نے ترک اور پاکستانی عوام کے درمیان گہری دوستی اور باہمی محبت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی ثقافتی سرگرمیاں ان تعلقات کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ترکی–پاکستان تعلقات میں سفیر ڈاکٹر نزیراوغلو کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے بچوں سے ان کے تجربات کے بارے میں دریافت کیا اور کیمپ کی کامیابی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
سفیر ڈاکٹر عرفان نزیروغلو نے ترکی اور پاکستان کے درمیان محبت و اخوت پر مبنی پائیدار تعلقات کو سراہتے ہوئے اس برادرانہ رشتے کے مزید فروغ کی خواہش ظاہر کی۔
بطور یادگار، معروف پاکستانی خطاط واصل شاہد نے اپنا ایک فن پارہ سفیر نزیراوغلو کو پیش کیا۔ تقریب کا اختتام بچوں میں اسناد اور تحائف کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.