جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش، سید پور میں 145 ملی میٹر بارش سے نالے بپھر گئے، گاڑیاں بہہ گئیں

18 گھنٹے کی طوفانی بارش سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہائی الرٹ، راول ڈیم کے اسپل ویز بند، کٹاریاں پل پر پانی کی سطح 10 فٹ تک پہنچ گئی، ضلعی انتظامیہ کی شہریوں کو احتیاط کی ہدایت۔

0

جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے موسلا دھاربارش کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔ اسلام آباد کے علاقہ سید پور میں 145ملی میٹر بارش ریکارڈ، پانی کا بہاؤ تیز ہونےسے نالہ بپھر گیا کنارے پر کھڑی گاڑیاں بہہ گئیں.

رپورٹس کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ نے دونوں شہروں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پاکستان میٹروالوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اسلام آباد کے علاقے سید پور میں 145 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو سب سے زیادہ ہے، جب کہ گولڑہ میں 46 ملی میٹر اور پی ایم ڈی کے مرکزی دفتر کے مقام پر 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

تیزبارش کے باعث سید پور میں برساتی نالے میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی، جس سے نالے کے کنارے کھڑی متعدد گاڑیاں بہہ گئیں۔ قابل ذکر ہے کہ سید پور کے برساتی نالے پر اس ہفتے ہی تعمیراتی کام مکمل کیا گیا تھا۔

ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے سید پور کا دورہ کیا اور علاقے میں موجود تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

اسی دوران، راولپنڈی کے کٹاریاں پل پر پانی کی سطح 10 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں کو کٹاریاں، گوالمنڈی اور دیگر نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سیلابی پانی سے دور رہیں تاکہ جان و مال کا نقصان نہ ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.