اچھی طرز حکمرانی ہی دہشتگردی کا مؤثر جواب ہے,وزیر اعلیٰ بلوچستان

ریاستی ادارے شفافیت و جوابدہی کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں

0

اسلام اباد: قومی اسمبلی کے ینگ پارلیمنٹیرینز فارم (وائی پی ایف) کے وفد نے صدر وائی پی ایف و رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار کی قیادت میں آج وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے چیف منسٹر سیکرٹریٹ، کوئٹہ میں ملاقات کی۔

اس اہم ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی، سماجی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے وائی پی ایف وفد کو صوبے میں خوش آمدید کہا اور بلوچستان حکومت کی پالیسیوں، ترقیاتی اقدامات اور چیلنجز پر تفصیل سے آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ نے گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ اچھی طرز حکمرانی ہی دہشتگردی کا مؤثر جواب ہے، اور ریاستی ادارے شفافیت و جوابدہی کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کے مسائل کو سمجھنے کے لیے ان کے تاریخی پس منظر کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست سے ناراضی کا مطلب ہتھیار اٹھانا نہیں، آئین پاکستان ریاست سے غیر مشروط وفاداری کا درس دیتا ہے

صدر وائی پی ای و رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے گفتگو میں بلوچستان حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان مثبت سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مؤقف نہ صرف قومی یکجہتی کا مظہر ہے بلکہ ایک مضبوط، پرامن اور مستحکم پاکستان کی ضمانت بھی ہے۔

جنرل سیکرٹری وائی پی ایف و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ نوجوان پارلیمنٹرینز بلوچستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے، قومی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور ریاستی بیانیے کو تقویت دینے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے وفد کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بلوچستان میں 3,200 سے زائد بند اسکولوں کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے تحت بلوچستان کے طلبا کو دنیا کی 200 ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر افراد کے لیے پہلی بار خصوصی تعلیمی وظائف متعارف کروائے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ صوبائی کابینہ میں 4 خواتین وزرا کی شمولیت، خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق حکومت کی پالیسی کا واضح اور عملی مظہر ہے۔

ینگ پارلیمنٹیرینز فارم کے وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بلوچستان کی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور قومی بیانیے کے فروغ میں حکومت بلوچستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.