حسینیت، یزیدیت و آمریت کی موت اور عبادتوں کی روح ہے۔ آغا حسین مقدسی
عزاداری مظلوموں کا عالمگیر احتجاج ہے جسے ہر حال میں جاری رہنا ہے،سربراہ ٹی این ایف جے کا امام بارگاہ قصرعباس کنگ چنن میں مجلسِ عزا سے خطاب
گجرات: سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ حسینیت ہر دور میں یزیدیت و آمریت کی موت ہے جو تمام عالم اسلام کا مشترکہ ورثہ اور عبادتوں کی روح ہے۔ یہ بات انہوں نے عشرہ شہیدہ زنداں کے آغازپر مسجد وامام بارگاہ قصرعباس ؑ مدرسہ ولایت علی ابن ابیطالب ؑ کنگ چنن میں سیدنعیم عباس کی میزبانی میں سالانہ مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آغا حسین مقدسی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ مسلسل متوجہ کرنے کے باوجود حکومت نے وفاقی اور صوبائی سطح پر محرم عزاداری کے کنٹرول روم تشکیل نہیں دیے اور اگر ایسا کیا گیا ہے تو اسکی بذریعہ میڈیا تشہیر نہیں کی گئی۔ انہوں نے باور کرایا کہ ٹی این ایف جے کا مرکزی کنٹرول روم 24 گھنٹے عزاداروں کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ آغا مقدسی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اسلام کے نام پر قائم ہونے والے وطن پاکستان میں 8 ربیع الاول تک جاری رہنے والے عزاداری کی مجالس اور ماتمی جلوسوں کی برآمدگی کے سلسلے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی بجائے آسانیاں پیدا کرے اور دعائیں لے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے فرمان کے مطابق عزاداری مظلوموں کا عالمگیر پُرامن احتجاج ہے جسے ہر حال میں جاری رہنا ہے، ہم نے عقیدہ و وطن کے بارے میں آج تک کوئی سودا بازی نہیں کی اور نہ کسی کو کرنے دینی ہے۔انہوں نے کہا کہ عزاداری کسی فرد یا مسلک کیخلاف نہیں بلکہ ظلم و بربریت کیخلاف مظلومین و محرومین کا پر امن احتجاج اور بنیادی حق ہے جسے آئین پاکستان کے تحت تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عمل کیا جائے،ممنوعہ گروپوں کو نئے ناموں سے کام کرنے سے روکا جائے،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہ دی جائے۔ مجلسِ عزا سے ملک کے نامور علمائے کرام اور ذاکرین نے اپنی تقاریر میں حساس مقامات پر قیام امن کو یقینی بنانے اور آزادی کی تحریکوں کی حمایت پر مشتمل قراردادیں بھی منظور کیں