ایرڈ یونیورسٹی اور پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن میں تاریخی معاہدہ
خوراک، غذائیت، لائیوسٹاک اور زرعی تحقیق میں انقلابی تعاون، نوجوانوں کی تربیت اور فوڈ سیکیورٹی کی جانب بڑا قدم
پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی اور پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن (PDA) کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔ اس تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان اور پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شہزاد امین نے معاہدے پر دستخط کیے۔
تقریب میں ڈاکٹر محمد زبیر، منیجر آپریشنز PDA، ڈاکٹر محمد ناصر، ڈائریکٹر کارپوریٹ افیئرز – فریزلینڈ کمپینا اینگرو پاکستان اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر قمر الزمان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"یہ معاہدہ محض ایک کاغذی کارروائی نہیں بلکہ پائیدار ترقی، فوڈ سیکیورٹی، اور نوجوانوں کی تکنیکی تربیت کی جانب ایک ٹھوس قدم ہے۔ یونیورسٹی جدید زرعی تعلیم اور عملی تحقیق کے ذریعے کسانوں، فوڈ انڈسٹری، اور ڈیری فارمز کی صلاحیتوں میں اضافہ چاہتی ہے۔ پاکستان کے غذائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں تعلیم، تحقیق اور صنعت کے درمیان مضبوط شراکت داری قائم کرنا ہوگی، اور یہ MoU اسی وژن کا عکس ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی لائیوسٹاک کی صحت، جدید ڈیری ٹیکنالوجی، ویلیو ایڈیشن، اور فوڈ چین کی بہتری کے لیے PDA کے ساتھ اشتراک سے نئے پراجیکٹس اور انٹرن شپ پروگرامز شروع کرے گی، جن سے طلباء و طالبات کو عالمی معیار کی مہارتیں حاصل ہوں گی۔
ڈاکٹر شہزاد امین نے کہا کہ پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن تحقیقاتی اداروں کو عملی صنعت سے جوڑنے کی مکمل حمایت کرتی ہے، اور یہ معاہدہ ایک ایسا ماڈل بنے گا جس کی تقلید ملک کی دیگر یونیورسٹیاں بھی کریں گی۔
معاہدے کے تحت دونوں ادارے خوراک و غذائیت، مویشیوں کی افزائش، دودھ و گوشت کی پیداوار میں اضافہ، ویسٹ مینجمنٹ، اور ماحول دوست ٹیکنالوجیز پر مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور ورکشاپس کا آغاز کریں گے۔
تقریب کا اختتام باہمی تعاون، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، اور علم و تحقیق کے اشتراک کے عزم کے ساتھ ہوا، جو پاکستان کو زرعی ترقی اور غذائی خود کفالت کی جانب لے جانے کا خواب ہے۔