"آپریشن مہادیو” بے نقاب: بھارت نے فیک انکاؤنٹرز کی نئی مہم شروع کر دی

"آپریشن سندور" کی ناکامی چھپانے کیلئے بھارت نے جبری حراست میں موجود پاکستانیوں کو جعلی مقابلوں میں استعمال کرنا شروع کر دیا، سیکیورٹی ذرائع کا انکشاف

0

اسلام آباد: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے "آپریشن سندور” کی ناکامی کو چھپانے کے لیے ایک اور خطرناک اور جعلی فوجی منصوبہ "آپریشن مہادیو” کے نام سے شروع کر دیا ہے، جس کے تحت بھارتی فوج معصوم اور جبری طور پر حراست میں لیے گئے پاکستانیوں کو جعلی انکاؤنٹرز میں شہید کر کے انہیں دہشت گرد ظاہر کر رہی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد صرف مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی تحریک آزادی کو کچلنا نہیں بلکہ اندرونِ ملک اپنی سیاسی ساکھ کو بھی بحال کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ "آپریشن مہادیو” کے ذریعے کوئی بڑی کامیابی حاصل کر رہا ہے تاکہ "آپریشن سندور” کی ناکامی پر پردہ ڈالا جا سکے۔ یاد رہے کہ پہلگام فالز فلیگ آپریشن کے فوراً بعد بھارتی افواج کی جانب سے ایسے جعلی مقابلوں کا آغاز کر دیا گیا تھا۔ اس سے قبل 24 اپریل کو آزاد جموں و کشمیر کے دو شہری محمد فاروق اور محمد دین کو جو غلطی سے سرحد عبور کر گئے تھے، بھارتی فوج نے انتہائی بے رحمی سے شہید کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت مختلف بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کو قتل کر کے ان کی لاشوں کے ساتھ ہتھیار رکھ کر میڈیا کو ویڈیوز اور تصاویر فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں سرحد پار سے آئے ہوئے دہشت گرد کے طور پر پیش کیا جا سکے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر 29 اور 30 اپریل کو پریس کانفرنسز میں 723 ایسے پاکستانیوں کی تفصیلات دے چکے ہیں جو بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید ہیں، جبکہ 56 پاکستانی شہری بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی جبری حراست میں ہیں۔

مزید مصدقہ اطلاعات کے مطابق بھارتی حکام کی کوشش ہے کہ جبری قید میں موجود ان پاکستانیوں سے پاکستان مخالف بیانات اور اعترافی ویڈیوز بھی ریکارڈ کروا کر میڈیا پر نشر کی جائیں، تاکہ ان افراد کو پاکستان کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا سکے۔

سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج پہلے ہی مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں کی وجہ سے بدنام ہے اور "آپریشن مہادیو” اسی سلسلے کی ایک اور مذموم کڑی ہے۔ "آپریشن سندور” اور پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی ناکامی نے بھارت کو مکمل طور پر بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے، اور اب وہ حقائق کو مسخ کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.