اسلام آباد: ملک بھر میں یکم اگست سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول 9 روپے 7 پیسے اور ڈیزل 3 روپے 73 پیسے فی لیٹر سستا ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب مٹی کا تیل 3 روپے 55 پیسے اور لائٹ ڈیزل 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے اوگرا 31 جولائی کو قیمتوں کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھجوائے گا، جس کے بعد وزیرِاعظم شہباز شریف حتمی منظوری دیں گے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا۔
واضح رہے کہ 15 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 36 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جبکہ یکم جولائی کو بھی پیٹرول 8 روپے 36 پیسے اور ڈیزل 10 روپے 39 پیسے مہنگا کیا گیا تھا۔
اس وقت پیٹرول 272 روپے 15 پیسے اور ڈیزل 284 روپے 35 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ نئی قیمتوں سے عوام کو جزوی ریلیف ملنے کی امید ہے۔