اسلام آباد: معروف ماڈل و اداکارہ صرحا اصغر نے یوٹیوبرز اور ولاگرز کے غیر حقیقی طرزِ زندگی کی نمائش پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے نوجوانوں میں منفی اثرات اور احساسِ محرومی کا سبب قرار دیا ہے۔ حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سوشل میڈیا کے بڑھتے رجحان، والدین کی ذمہ داری، اور نوجوان نسل کی ذہنی صحت پر کھل کر بات کی۔
صرحا اصغر کا کہنا تھا کہ آج کل ولاگرز ایک ایسی "پرفیکٹ” زندگی دکھاتے ہیں جو حقیقت سے کوسوں دور ہوتی ہے۔ وہ مہنگے تحائف، خواب ناک سرپرائزز اور لگژری لائف اسٹائل کے ذریعے نوجوانوں کو یہ باور کرواتے ہیں کہ محبت یا خوشی صرف پیسے اور چیزوں سے ممکن ہے۔ "اگر وہ عام زندگی دکھائیں گے، تو شاید لوگ انہیں دیکھیں ہی نہ”، اداکارہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔
انہوں نے معروف یوٹیوبر معاذ صفدر اور ان کی اہلیہ صبا کے اس ولاگ کا حوالہ بھی دیا جس میں صبا کو لاکھوں روپے مالیت کا گلدستہ تحفے میں دیا گیا۔ صرحا کے مطابق اس طرح کی دکھاوا پر مبنی محبت نوجوانوں کے اذہان پر غلط اثر ڈالتی ہے، اور وہ حقیقی خوشی کے بجائے مصنوعی تقاضوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔
اداکارہ نے حالیہ یوٹیوبر ثنا یوسف کے قتل کے واقعے پر بھی اظہارِ افسوس کرتے ہوئے والدین کو متنبہ کیا کہ وہ بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر کڑی نظر رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "والدین اور بچوں کے درمیان مضبوط رشتہ ہی ان کی حفاظت کی ضمانت ہے، اور کم عمری میں بچوں کو بے لگام سوشل میڈیا کی دنیا سے بچانا ناگزیر ہے۔”
صرحا اصغر نے ولاگرز سے اپیل کی کہ وہ اپنے مواد میں زمینی حقائق کا خیال رکھیں اور ایسی چیزیں دکھائیں جو عام ناظرین کے لیے قابلِ فہم اور قابلِ برداشت ہوں۔ انہوں نے کہا، "ولاگرز کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ ان کی بات نوجوان نسل کے دل و دماغ پر اثر انداز ہوتی ہے۔”
اداکارہ کی گفتگو نے نہ صرف سوشل میڈیا کی چمک دمک کے پیچھے چھپی تلخ حقیقتوں کو بے نقاب کیا بلکہ والدین، مواد بنانے والوں اور نوجوانوں کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ اصل خوشی دکھاوے میں نہیں، سچائی، تعلق اور حقیقت پسندی میں ہے۔