جمیکا،: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل بروز جمعہ سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ، لاڈر ہل، فلوریڈا میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ نائٹ ہوگا اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا، جس کا کرکٹ شائقین شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم اس وقت ویسٹ انڈیز کے دورے پر ہے، جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز میں شرکت کرے گی۔ سیریز کے آغاز سے قبل قومی ٹیم نے لاڈر ہل میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا، جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مہارتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی۔ کوچنگ اسٹاف نے موجودہ کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو مخصوص اہداف دیے تاکہ وہ میچ کی صورت حال سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ بیٹرز نے پاور ہٹنگ اور مختلف زاویوں سے شاٹس کھیلنے کی خصوصی مشقیں کیں تاکہ حریف باؤلرز کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنائی جا سکے۔
اس سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت مایہ ناز آل راؤنڈر سلمان آغا کریں گے، جن کی قیادت میں ٹیم بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔ تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز فلوریڈا کے اسی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے، جن کی تاریخیں یکم، تین اور چار اگست ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز مکمل ہونے کے بعد قومی ٹیم برائن لارا اسٹیڈیم، تاروبا، ٹرینیڈاڈ روانہ ہوگی، جہاں تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز بالترتیب 8، 10 اور 12 اگست کو ہوں گے۔ اس ایک روزہ سیریز میں پاکستان کی قیادت وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کریں گے، جو اپنی جارحانہ بلے بازی اور قائدانہ صلاحیتوں کے باعث جانے جاتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور شائقین کو امید ہے کہ یہ دورہ دونوں فارمیٹس میں گرین شرٹس کے لیے کامیابی اور اعتماد کا ذریعہ بنے گا۔
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.