کینیڈا کا فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کا مشروط اعلان

"جمہوری اصلاحات ہوں گی تو تسلیم کریں گے" , وزیراعظم مارک کارنے کا واضح پیغام

0

ٹورنٹو: کینیڈا نے فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا مشروط فیصلہ کر لیا ہے۔ کینیڈین وزیراعظم مارک کارنے نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ان کی حکومت رواں سال ستمبر میں فلسطین کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، بشرطیکہ فلسطینی اتھارٹی جمہوری اصلاحات کے لیے تیار ہو جائے۔

مارک کارنے کے مطابق ان اصلاحات میں آزادانہ انتخابات کا انعقاد اور دیگر بنیادی جمہوری اقدامات شامل ہیں، جن کے بغیر ریاستی تسلیم ممکن نہیں ہوگا۔

اس اعلان کے بعد کینیڈا بھی ان چند مغربی ممالک کی صف میں شامل ہونے کو تیار ہے جو فلسطینی ریاست کے قیام کو مشروط یا غیر مشروط طور پر تسلیم کرنے کے عمل میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں برطانیہ کے وزیراعظم کیئر سٹارمر نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل غزہ میں انسانی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات نہ کرے تو برطانیہ ستمبر میں اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لے گا۔

کیئر سٹارمر نے یہ بھی کہا تھا کہ اسرائیل فوری جنگ بندی کرے اور طویل المدتی امن کے لیے عملی عزم ظاہر کرے۔ ان کے مطابق غزہ کو یومیہ کم از کم 500 امدادی ٹرک درکار ہیں، جبکہ برطانیہ نے اب تک فضائی امداد کے ذریعے کئی سامان بھجوایا ہے۔

وزیراعظم سٹارمر کا کہنا تھا کہ وہ غزہ میں بھوک سے مرتے بچوں کی تصاویر کبھی نہیں بھول سکتے اور برطانیہ اس انسانی بحران کے حل کے لیے سنجیدہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

کینیڈا اور برطانیہ کی یہ پیش رفت عالمی سفارتی منظرنامے پر ایک اہم تبدیلی کی طرف اشارہ کر رہی ہے، جو فلسطینی عوام کے دیرینہ مطالبے کو عملی شکل دینے کی جانب بڑھ رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.