پاکستانی نژاد امریکی ایتھلیٹ حمزہ کا شاندار کارنامہ، 13 واں آل امریکن اعزاز بھی اپنے نام کر لیا

جونیئر اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دی

0

جارجیا، امریکا – (سید محمد یاسین ہاشمی)
پاکستانی نژاد ابھرتے ہوئے نوجوان ایتھلیٹ حمزہ نے یو ایس اے ٹی ایف نیشنل جونیئر اولمپکس ٹریک اینڈ فیلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ یہ چیمپئن شپ بچوں کے لیے امریکہ کی اعلی ترین ایتھلیٹک سطح تصور کی جاتی ہے، جس میں سخت مقابلے کا ماحول ہوتا ہے۔

13 سے 14 سال کی عمر کے زمرے میں حصہ لیتے ہوئے، 13 سالہ حمزہ نے 3000 میٹر کی دوڑ میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور یوں "آل امریکن” کا اپنا 13 واں اعزاز بھی حاصل کر لیا۔ یہ اعزاز امریکہ میں ان ایتھلیٹس کو دیا جاتا ہے جو کسی ایونٹ میں ٹاپ 8 میں آتے ہیں۔ حمزہ نے 1500 میٹر کی دوڑ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی اور 11ویں نمبر پر رہے۔

حمزہ کی کارکردگی کو خاص بنانے والی بات یہ ہے کہ وہ اس سال اپنی عمر سے ایک سال کم عمر میں ہائی اسکول میں داخل ہو رہے ہیں، اور بڑی عمر کے ایتھلیٹس کے ساتھ مقابلہ کر کے ان پر سبقت حاصل کر رہے ہیں۔ وہ امریکا کے ممتاز یوتھ رننگ پروگرام "گارڈن اسٹیٹ ٹریک کلب” کی نمائندگی کرتے ہیں اور قومی سطح پر اپنے عمر کے زمرے میں فاصلے کی دوڑ میں امریکہ کے ٹاپ ٹین ایتھلیٹس میں شمار ہوتے ہیں۔

ان کے حالیہ ریس ٹائم ان کی غیر معمولی فٹنس کا ثبوت ہیں:
3000 میٹر: 9 منٹ 33 سیکنڈ
1500 میٹر: 4 منٹ 21 سیکنڈ
ایک میل: 4 منٹ 40 سیکنڈ

حمزہ نہ صرف میدان میں تیز ہیں بلکہ تعلیم کے میدان میں بھی نمایاں ہیں۔ وہ ہمیشہ سے آنر رول کے طالب علم رہے ہیں اور اپنے سخت ٹریننگ شیڈول کے باوجود تعلیمی لحاظ سے بھی اعلی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

گارڈن اسٹیٹ ٹریک کلب کے کوچ کے مطابق، ’’حمزہ ان بچوں میں سے ایک ہے جو محنت، یکسوئی اور انکساری کے ساتھ ہر کام کو انجام دیتا ہے۔ وہ ایک دن بہت آگے جائے گا۔‘‘

حمزہ کی صلاحیتیں، عزم اور خاندانی سپورٹ اُن کے روشن مستقبل کی نوید ہیں۔ واضح رہے کہ ان کے والد منصور صلاح الدین خود کراچی یونیورسٹی کے سابق ایتھلیٹ ہیں اور حمزہ کی کامیابیوں کے پیچھے اُن کی محنت اور رہنمائی کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.