اسلام آباد:(وحید عباسی ) وفاقی حکومت نے ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ 31 جولائی 2025 سے ان اسٹورز پر ہر قسم کی خرید و فروخت بند کر دی گئی ہے، تاہم اسٹورز سے گوداموں میں موجودہ اسٹاک کی منتقلی، دکانداروں کو اشیاء کی واپسی اور اسٹورز کی انوینٹری کا حوالگی عمل تاحال جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ 10 جولائی کو حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کا نظام مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ اب اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کے لیے وی ایس ایس (رضاکارانہ علیحدگی اسکیم) پیکج کی منظوری دی تھی تاکہ ملازمین کو ادارے کی بندش کے باعث مالی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
فی الوقت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں تقریباً 5 ہزار مستقل ملازمین کام کر رہے ہیں، جنہیں رضاکارانہ طور پر علیحدہ ہونے کا پیکج فراہم کیا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے تمام فعال یوٹیلیٹی اسٹورز کے آپریشنز بند کر دیے گئے ہیں اور بیشتر اشیاء کو وئیر ہاؤسز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہاں کچھ اسٹورز پر سامان باقی ہے، وہاں سے بھی اسے واپس کرنے، انوینٹری حوالگی اور اسٹاک کی منتقلی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔