اسلام آباد ٹریفک پولیس قوانین کی عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے متحرک

اسلام آباد ٹریفک پولیس کا زیرو ٹالرنس رویہ، قوانین کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی

0

اسلام آباد سید محمد یاسین ہاشمی

اسلام آباد: انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کے مؤثر نفاذ اور منظم ٹریفک نظام کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر کی نگرانی میں مرکزی شاہراہوں پر پولیس کی نفری میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرون کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

سی ٹی او نے واضح کیا کہ سگنل توڑنے، اوور اسپیڈنگ، لین وائلیشن اور غلط پارکنگ جیسے اقدامات پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت فوری جرمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی یا موٹر سائیکل تھانے میں بند کی جائے گی۔ وفاقی دارالحکومت میں اوورلوڈ گاڑیوں اور لوڈر رکشوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ ٹریفک کے بہاؤ میں خلل اور سڑکوں پر رکاوٹ سے بچا جا سکے۔

اسلام آباد ٹریفک ایجوکیشن یونٹ شہریوں کو قوانین سے متعلق آگاہی دینے کے لیے مرکزی سڑکوں پر موجود رہے گی، جبکہ سینئر افسران بھی خود سڑکوں پر موجود ہو کر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں گے۔ کیپٹن (ر) ذیشان حیدر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ایک محفوظ، باوقار اور منظم ٹریفک نظام کو فروغ دیا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.