انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا اور شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے اہم احکامات جاری کیے گئے۔
اجلاس میں اے آئی جی انویسٹی گیشن و شکایات/آپریشنز عنایت علی شاہ نے شرکت کی۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات پر فوری اور شفاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور کھلی کچہریوں کے ذریعے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
انہوں نے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم میں جدت لانے اور شہریوں کو زیادہ سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شکایات کے اندراج کے عمل کو آسان اور ان کے بروقت ازالے کو ممکن بنایا جائے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کو جلد از جلد انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔