اسلام آباد میں ’ونڈرز آف ترکیہ‘ تصویری نمائش کا انعقاد، پاک-ترک دوستی کا شاندار اظہار
یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ اور نیشنل پریس کلب کے اشتراک سے ترک ثقافت کی خوبصورت عکاسی، گورنر خیبرپختونخوا اور ترکیہ کے سفیر کی خصوصی شرکت
اسلام آباد: یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ ترکش کلچرل سنٹر اور نیشنل پریس کلب کے اشتراک سے ’’ونڈرز آف ترکیہ‘‘ کے عنوان سے ایک روزہ تصویری نمائش کا انعقاد نیشنل پریس کلب میں کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی جبکہ مہمانِ اعزاز پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو تھے جنہوں نے نمائش کا افتتاح کیا اور تصاویر میں پیش کی گئی ترک ثقافت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
تقریب میں یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے سربراہ خلیل توکار، پاکستان میں ترک ادارہ تیکا کے سربراہ صالح تونا، نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی، فنانس سیکرٹری وقار عباسی، سینئر نائب صدر احتشام الحق، ترکیہ سفارتخانے کے عہدیداران، اور بڑی تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نمائش ترک ثقافت کی خوبصورتی اور تہذیبی ورثے کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک-ترک دوستی برسوں پر محیط ہے، ترکیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، ترک عوام پاکستانیوں کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے ترکیہ کے سفیر اور تیکا کے نمائندوں کو گورنر ہاؤس پشاور کے دورے کی دعوت بھی دی۔
اس موقع پر ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین ہر شعبے میں مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ تعلیم، صحت، ثقافت، سیاحت اور ترقیاتی منصوبوں میں دونوں ممالک کا تعاون مثالی ہے، اور یہ رشتہ وقت کے ساتھ مزید گہرا ہو رہا ہے۔
یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے سربراہ خلیل توکار نے بتایا کہ ان کے ادارے کا قیام 2013 میں ہوا اور اب دنیا کے 80 ممالک میں 90 مراکز کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ایک روح، دو جسم کی مانند ہیں اور ان کا باہمی رشتہ قیام پاکستان سے چلا آ رہا ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی اور سیکرٹری نیئر علی نے معزز مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ این پی سی صرف صحافیوں کا نہیں بلکہ سب کا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر یکجہتی کا ثبوت دیا ہے۔ نیئر علی نے اس نمائش کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لازوال دوستی کا مظہر قرار دیا اور ترکیہ کے ترقیاتی ادارے تیکا کے کردار کو سراہا۔
اختتام پر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور فوٹو نمائش نے دونوں ممالک کے درمیان تہذیبی ہم آہنگی کو اجاگر کیا۔