پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ سطحی وفد کا مری کا دورہ، ہوٹل و ریسٹورنٹ لائسنسنگ کا جائزہ

سیاحتی شعبے میں شفاف رجسٹریشن، معیاری سہولیات اور عالمی معیار کے نفاذ کے لیے عملی اقدامات جاری

0

راولپنڈی:
پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مری کا دورہ کیا تاکہ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا جا سکے اور جاری مہم کو شفاف اور مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

محکمہ سیاحت کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سیاحت کے فروغ اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے وژن کے تحت کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے سیکرٹری سیاحت پنجاب راجہ جہانگیر انور کی خصوصی ہدایت پر وفد نے مری کا دورہ کیا۔

وفد میں ڈپٹی سیکرٹری سیاحت امَر شاکر جاجہ، ڈپٹی کنٹرولر ڈیپارٹمنٹ آف ٹورازم سروسز حافظ غضنفر علی اور دیگر متعلقہ افسران شامل تھے۔ وفد نے مختلف ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کا معائنہ کیا اور لائسنسنگ و رجسٹریشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر پنجاب ٹورازم اسکواڈ کی فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی، حاضری اور رپورٹنگ سسٹم کا بھی مشاہدہ کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ شفافیت اور مؤثریت یقینی بنانے کے لیے ایک جامع احتسابی نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت فیلڈ ٹیموں کی یومیہ رپورٹنگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ہوٹل رجسٹریشن کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو ہوٹل انڈسٹری کو قانونی دائرے میں لا کر سیاحوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گی۔

وفد نے فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ پالیسیوں کے مطابق ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں اور کسی قسم کی کوتاہی سے گریز کریں۔

ڈپٹی سیکرٹری سیاحت نے موقع پر موجود فیلڈ اسٹاف کی لگن اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق محکمہ سیاحت نہ صرف ہوٹل انڈسٹری کو باقاعدہ بنا رہا ہے بلکہ سیاحتی شعبے کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے ہنگامی اقدامات بھی کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم مؤثر اور شفاف حکمتِ عملی کے تحت جاری رہے گی تاکہ پنجاب کو ایک محفوظ، قابلِ بھروسہ اور خوشگوار سیاحتی مرکز بنایا جا سکے۔

 

Ask ChatGPT
Leave A Reply

Your email address will not be published.