وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا دو ٹوک مؤقف: دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ریاست پاکستان کا عزم ہے

رَدُالفساد، ضربِ عضب اور معرکۂ حق کی کامیابی دنیا نے تسلیم کی، پاکستان کا مؤثر انسدادِ دہشت گردی پلان جاری

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاستِ پاکستان دہشت گردی جیسے ناسور کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور دنیا ہمارے کامیاب انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کو تسلیم کرتی ہے۔

اسلام آباد میں انسدادِ دہشت گردی پر قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ایک کثیرالجہتی حکمتِ عملی اپنائی ہے۔

اجلاس میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عاصم ملک نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنایا جائے اور کمیٹی کی سفارشات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی بہادر افواج کے سپاہیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم، شہید افسران و جوانوں کے اہلخانہ سمیت، ان کی قربانیوں اور جذبۂ ایثار پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا، خصوصاً آپریشن رَدُ الفساد، ضربِ عضب، اور حالیہ تاریخی "معرکۂ حق” کو دنیا بھر میں پاکستان کی کامیابی تسلیم کیا گیا۔

وزیراعظم نے انسدادِ دہشت گردی میں صوبائی حکومتوں، انٹیلی جنس بیورو، وزارت داخلہ، اور خاص طور پر پنجاب سی ٹی ڈی کے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فتنۂ ہندوستان اور خوارج جیسے سماج دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے جامع، مؤثر اور قابلِ عمل حکمتِ عملی پر کام کر رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پرامن، دہشت گردی سے پاک اور مضبوط ریاستی ڈھانچہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ضروری ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ اضافہ اور عالمی ریٹنگ میں بہتری ملکی معاشی استحکام کی واضح علامت ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی واپسی کا پروگرام بین الاقوامی قوانین کے مطابق مؤثر انداز میں جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، مشیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی

Leave A Reply

Your email address will not be published.