: ’’حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک‘‘

یومِ آزادی کی تقریبات کا باوقار آغاز، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پورے صوبے میں جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

0

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبہ بھر میں پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کی تقریبات یکم اگست سے بھرپور جوش و جذبے اور وقار کے ساتھ شروع ہو گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سال یومِ آزادی کی تقریبات میں نوجوانوں اور بچوں کی بھرپور شمولیت کو ترجیح دی گئی ہے۔ ان تقریبات کا محور قومی فخر، روایتی لباس، اور سچائی و آزادی کی قدر و اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان تقریبات میں بچوں، قومی ہیروز، مشہور شخصیات اور کھیلوں کے ستاروں کے خصوصی پیغامات شامل کیے جائیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سال یومِ آزادی ’’حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک‘‘ کے تھیم کے تحت منایا جا رہا ہے، جو ’’معرکہ حق، آپریشن بنیان المرصوص‘‘ میں پاکستان کی علامتی فتح کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچ کی جدوجہد نے آزادی کی قدر کو ایک نیا معنی دیا ہے۔

یکم اگست سے 14 اگست تک پنجاب کے تمام اضلاع میں خصوصی تقریبات جاری ہیں۔ مرکزی تقریب 14 اگست کو لاہور کے حضوری باغ میں ہو گی، جہاں وزیر اعلیٰ مریم نواز قومی پرچم لہرائیں گی۔ وہ اسی روز لاہور ایکسپو سینٹر میں ’’معرکہ حق پارک، میوزیم اور میموریل‘‘ کا افتتاح بھی کریں گی۔

عوامی شمولیت کو اس سال کی تقریبات کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے۔ پورے پنجاب میں گھروں، دکانوں اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیے گئے ہیں، جبکہ گلیاں اور بازار برقی قمقموں سے جگمگا رہے ہیں۔ ثقافتی فلوٹس اور خصوصی روڈ شوز پاکستان کی ثقافتی ورثے کی نمائندگی کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ 9 اگست کو مینارِ پاکستان پر شاندار آتش بازی اور لیزر شو کا اہتمام کیا جائے گا، جب کہ ڈویژن اور تحصیل کی سطح پر بھی ایسے پروگرام ہوں گے۔ 10 اگست کو وزیر اعلیٰ آفس سمیت تمام سرکاری دفاتر میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی، جب کہ 13 اگست کو موٹر سائیکل ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری بہادر افواج نے دفاعِ وطن کی تاریخ میں سنہری باب کا اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ یومِ آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں تاکہ دنیا کو دکھایا جا سکے کہ پاکستان ایک باوقار، متحد اور زندہ قوم ہے۔

Ask ChatGPT
Leave A Reply

Your email address will not be published.