وزیراعظم شہباز شریف کا گلگت بلتستان کے لیے 4 ارب روپے کے فنڈ کا اعلان
"جب تک آپ اپنے گھروں میں واپس نہیں آ جاتے، میں آتا رہوں گا" — وزیراعظم کا متاثرین سے وعدہ
گلگت: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں ایک روزہ ہنگامی دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ افراد میں امدادی چیکس تقسیم کیے اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے چار ارب روپے کے خصوصی فنڈ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مل کر قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائے گی۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اس وقت شدید آزمائش سے گزر رہے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کلاؤڈ برسٹ اور شدید بارشوں کے باعث طغیانی نے قیمتی جانوں اور املاک کا نقصان کیا، جس پر وہ دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے وزیر مواصلات کو فوری طور پر انفراسٹرکچر کی بحالی کے اقدامات کی ہدایت دی اور کہا کہ تمام اداروں کو باہم ربط کے ساتھ کام کرنا ہوگا تاکہ بحالی کا عمل تیزی سے مکمل ہو سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اور طویل المدتی اقدامات کی ضرورت ہے، اور اس ضمن میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے ایڈوانس وارننگ سسٹم کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا تاکہ آئندہ اس نوعیت کی تباہ کاریوں سے بروقت بچاؤ ممکن ہو سکے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وہ اگست کے آخر تک دوبارہ گلگت کا دورہ کریں گے، اور جب تک تمام متاثرین اپنے گھروں میں دوبارہ آباد نہیں ہو جاتے، وہ گلگت آتے رہیں گے۔ انہوں نے 100 میگاواٹ کے سولر سسٹم کے منصوبے کو رواں مالی سال کے دوران مکمل کرنے کا اعلان کیا، ساتھ ہی انہوں نے دانش اسکول کے قیام کی بھی نوید سنائی۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت اور سکردو میں دانش اسکول قائم کیے جائیں گے اور ان منصوبوں کی ذاتی نگرانی وہ خود کریں گے، کیونکہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری ملک کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبرخان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف گلگت بلتستان کے عوام کا درد بخوبی سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے خطے میں شدید نقصان ہوا ہے، اور سیاحت کے فروغ کے لیے انفراسٹرکچر کی فوری تعمیر نہایت اہم ہے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بلاتفریق عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
وزیراعظم کو گلگت پہنچنے پر گورنر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے خوش آمدید کہا اور انہیں سیلابی صورتحال، نقصانات، ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی ادارے مقامی حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور گلگت بلتستان جیسے حساس علاقے میں ترقی اور تحفظ دونوں کے لیے اقدامات کو تیز تر بنایا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے ایک اہم قومی ادارہ ہے جو موجودہ بحران میں قابلِ قدر کردار ادا کر رہا ہے، اور اسے مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔