5 تا 10 اگست شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری

دریاؤں میں طغیانی، پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں نکاسی آب کا خطرہ، عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں

0

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 5 تا 10 اگست کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق دریائے چناب (مرالہ، کھنکی، قادرآباد) اور دریائے جہلم (منگلا کے بالائی علاقوں) میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بہاؤ تیز ہونے کا امکان ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ سوات، پنجکوڑہ، گلگت بلتستان کے دریائے ہنزہ اور شگر سمیت دیگر ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔ بلوچستان کے اضلاع موسیٰ خیل، ژوب، شیرانی اور سبی میں بھی ندی نالے خطرناک صورت حال اختیار کر سکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 90 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 60 فیصد بھر چکا ہے، جس کے باعث اضافی بارشوں سے سیلابی کیفیت مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔

ادارے نے تمام متعلقہ محکموں کو فوری تیاری کی ہدایات جاری کرتے ہوئے شہری علاقوں، خاص طور پر شمال مشرقی اور وسطی پنجاب میں ڈی واٹرنگ پمپس تیار رکھنے کی تاکید کی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ طغیانی کے دوران ندی نالوں، پانی میں ڈوبی سڑکوں، اور پلوں سے گزرنے سے پرہیز کریں، اور حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر نہ کریں۔

محکمہ موسمیات نے الگ سے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیئر پھٹنے اور فلیش فلڈز کے خطرات سے بھی خبردار کیا ہے، اور شہریوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو موسم کی تازہ ترین صورتحال اور ممکنہ خطرات سے آگاہی کے لیے "پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ” استعمال کرنے کی بھی تاکید کی ہے۔

Ask ChatGPT
Leave A Reply

Your email address will not be published.