پاکستان فٹبال فیڈریشن کا قومی فٹسال ٹیم کے پہلے اوپن ٹرائی آؤٹس کا اعلان
انڈونیشیا 2026 اے ایف سی فٹسال ایشین کپ کوالیفائرز سے قبل لاہور میں 10 اگست کو ٹیلنٹ ہنٹ، قومی ٹیم کا کیمپ ستمبر سے شروع ہوگا
اسلام آباد: سید محمد یاسین ہاشمی
پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) نے اے ایف سی فٹسال ایشین کپ انڈونیشیا 2026 کے کوالیفائرز میں شرکت سے قبل ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی فٹسال ٹیم کے اوپن ٹرائی آؤٹس کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ٹرائی آؤٹس ملک بھر سے فٹسال کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو مدعو کرنے کا ایک سنہری موقع ہیں۔
اعلان کے مطابق، اوپن ٹرائی آؤٹس 10 اگست 2025 کو لاہور کے ڈی ایچ اے فیز 8 میں واقع 5th جنریشن اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوں گے، جہاں صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہنے والے سیشنز میں کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں گے۔ شرکت کے خواہشمند کھلاڑیوں کے لیے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ ہمراہ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کی تکنیکی ٹیم ان ٹرائی آؤٹس کی بنیاد پر قومی فٹسال اسکواڈ کو حتمی شکل دے گی، جبکہ قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ستمبر کے پہلے ہفتے سے شروع کیا جائے گا۔
پاکستان کو کوالیفائرز میں گروپ ‘ڈی’ میں رکھا گیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ عراق، چینی تائپے، اور میزبان سعودی عرب سے ہوگا۔ گروپ کے تمام میچز دمام، سعودی عرب میں کھیلے جائیں گے۔ شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ 20 ستمبر کو عراق کے خلاف، دوسرا 22 ستمبر کو سعودی عرب کے خلاف اور تیسرا 24 ستمبر کو چینی تائپے کے خلاف کھیلے گا۔
پاکستانی فٹسال شائقین اس پیش رفت کو قومی سطح پر فٹسال کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم قرار دے رہے ہیں۔