پی ٹی آئی قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہو: علیمہ خان کا بانی پی ٹی آئی کا پیغام
ضمنی الیکشن پر مشاورت، صحت اور جیل کے ماحول پر بھی اظہار خیال
راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ہدایت دی ہے کہ پارٹی قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے فوری طور پر مستعفی ہو جائے۔
میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن سے متعلق بیرسٹر گوہر اور علی ظفر کو ہدایات دیں، اور کہا کہ سیاسی کمیٹی اپنا فیصلہ کر کے کل ان کے پاس پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاسی کمیٹی کو آج رات ضمنی الیکشن پر مشاورت کی ہدایت کی ہے۔
علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں بتایا کہ وہ بہتر ہیں، البتہ ایک آنکھ میں معمولی مسئلہ ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ جیل میں آنکھ کے ماہر ڈاکٹر ان کا معائنہ کریں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو مطالعے کے لیے اخبار بھی فراہم کیا جاتا ہے اور وہ ہمیشہ مشاورت کو ترجیح دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی کی طبیعت اب بہتر ہے، جبکہ آج جیل میں بڑا اچھا ماحول رہا اور انہوں نے تین سے چار گھنٹے اکٹھے گزارے۔