بارانی یونیورسٹی میں پنک ربن ڈے پر چھاتی کے کینسر سے آگاہی سیمینار

0

پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وومن ڈویلپمنٹ سٹڈیز سنٹر نے پنک ربن ڈے کے موقع پر چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا، جس کا مقصد باقاعدگی سے اسکریننگ، معائنہ اور ابتدائی تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا جو اس کی روک تھام کے حوالے نہایت اہم ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین میں اس کینسر کی روک تھام اور آگاہی کے حوالے سے اب ہمیں مزید آگے بڑھ کر اور فرنٹ لائن پر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمارا طرز زندگی کا انتخاب اس کے خطرے کے عوامل کو کم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران مریضوں کو جذباتی اور نفسیاتی مدد بھی درکار ہوتی ہے تاکہ وہ اس بیماری کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم بہتری کے لیے ان کی اُمید بنیں اور زیادہ سے زیادہ عوام کو اس مہلک بیماری کے متعلق آگاہی فراہم کر سکیں۔

ڈائریکٹر وومن ڈویلپمنٹ اسٹڈیز سینٹر ڈاکٹر قیصرہ پروین کا کہنا تھا کہ بارانی یونیورسٹی چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہموں میں تعاون کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے اور یہ آگاہی سیمینار بھی دراصل اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ہمیں اس متعلق مریض کے ساتھ ساتھ اس کے اہلِ خانہ کو بھی آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی عورت اس جنگ میں تنہا محسوس نہ کرے۔

آخر میں ایک آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کے ساتھ رجسٹرار، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران، انتظامیہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.