راولپنڈی ڈویژن میں گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے مہم کا آغاز

0

سیکرٹری زراعت پنجاب محترم افتخار علی سہو کی زیرِ صدارت گندم کے حوالے سے آگاہی مہم "گرو مور ویٹ” کے متعلق ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کی زرعی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور ڈی جی زراعت نے شرکت کی۔ سیکرٹری زراعت کا کہنا تھا کہ اس مہم کو موثر بنانے کے لیے تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ ان کی ہدایات پر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر ایکسٹینشن، حکومت پنجاب کے تعاون سے بڑے پیمانے پر گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔ اس آگاہی مہم کا مقصد راولپنڈی ڈویژن کے چھ اضلاع یعنی راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، مری اور تلہ گنگ میں گندم کی پیداوار کو بڑھانا اور پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینا ہے۔ یہ مہم 7 نومبر 2025 سے 16 نومبر 2025 تک جاری رہے گی۔

وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کا کہنا تھا کہ گندم خطہ پوٹھوہار میں کاشت کی جانے والی اہم ترین فصلوں میں سے ایک ہے۔ ہمارا مقصد کسانوں کو بوائی کی بہتر تکنیکوں اور بہترین زرعی طریقوں کے بارے میں رہنمائی کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بارانی یونیورسٹی حکومت پنجاب کے ساتھ مل کر کاشتکاروں کو تحقیقی مواد، عملی تربیت اور تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پیداواری صلاحیت کو بھی بڑھایا جا سکے۔

ڈائریکٹر زراعت (توسیع) راولپنڈی سید شاہد افتخار بخاری نے کہا کہ اس مہم کے فوائد دور رس ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گندم کی پیداوار میں اضافہ قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ مہم گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے حکومت، اداروں اور ہمارے محنتی کسانوں کے درمیان اجتماعی کوشش کی نمائندگی کرتی ہے۔

ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر طارق مختار نے کہا کہ زرعی ماہرین اور فیکلٹی ممبران کی زیرِ نگرانی 45 فیلڈ ٹیمیں ترتیب دے دی گئی ہیں جن میں 450 طلباء شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں راولپنڈی ڈویژن کے چھ اضلاع کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گی تاکہ کاشتکاروں کو گندم کی کاشت کی جدید تکنیک، آبی وسائل کے موثر استعمال، زمین کی زرخیزی کے انتظام اور جدید زرعی مشینری کو اپنانے کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم اکیڈمیا اور کاشتکار برادری کے درمیان ایک مضبوط رابطے کا کام کرتی ہے، جس سے طلباء کو جدید زرعی طریقوں کو اپنانے میں کسانوں کی مدد کرتے ہوئے فیلڈ میں عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع بھی ملے گا جو ان کی تعلیم میں بہتری کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے بھی نہایت مفید ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.