خسرہ روبیلا مہم پر میڈیا اوریئنٹیشن کا انعقاد
راولپنڈی میں ای پی آئی پنجاب اور یونیسیف کی جانب سے ویکسینیشن آگاہی مضبوط بنانے پر زور۔
راولپنڈی: حکومت پنجاب کے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) پنجاب نے یونیسیف کے تعاون سے بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات اور خسرہ و روبیلا (ایم آر) ویکسینیشن مہم کے حوالے سے میڈیا ورکشاپ کا انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا ۔ اس سیشن کا مقصد میڈیا نمائندگان کو حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت اور آئندہ ایم آر مہم کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا اور عوامی شعور بیدار کرنے میں ان کے کردار کو اجاگر کرنا تھا۔
میڈیا ورکشاپ کی صدارت ڈائریکٹر ای پی آئی پنجاب ڈاکٹر ثمرہ خرم نے کی جبکہ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی بھی موجود تھے ۔ دیگر نمایاں مقررین میں ڈاکٹر خرم مبین خان (امیونائزیشن آفیسر، یونیسیف)، ڈاکٹر جواد (ڈی ایچ او پی ایس راولپنڈی )، ڈاکٹر آصف علی(ڈویژنل آفیسر، ڈبلیو ایچ او)، عقیل سرفراز (ایس بی سی کنسلٹنٹ، یونیسیف) شامل تھے۔
ڈاکٹر ثمرہ خرم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شرکاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات اور آنے والی ایم آر مہم کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں تاکہ بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی صحت کی مہمات کا انحصار عوامی معلومات اور آگاہی پر ہوتا ہے اور میڈیا اس ضمن میں سب سے اہم شراکت دار ہے۔ ڈاکٹر سمرہ خرم نے ای پی آئی پروگرام کی کارکردگی اور تفصیلات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ خسرہ و روبیلا ویکسینیشن مہم 17 تا 29 نومبر 2025 کو پورے پنجاب میں ایک کروڑ ستر لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کے لئے منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے ویکسین سے بچاؤ والی بیماریوں کے پھیلاؤ کے اسباب اور ان کے تدارک کے لیے بروقت ویکسینیشن کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کی شاندار کامیابی کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت پنجاب بھر میں 67 لاکھ لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔

ڈاکٹر خرم مبین خان نے یونیسیف کے کردار پر جامع پریزنٹیشن دی اور بتایا کہ کس طرح یونیسیف ای پی آئی پروگرام کی بہتری اور پاکستان میں بلند ترین امیونائزیشن کوریج حاصل کرنے میں حکومت پنجاب کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
ورکشاپ کی نظامت کے فرائض عقیل سرفراز نے ادا کیے جبکہ اس موقع پر قومی و علاقائی میڈیا کے سینئر صحافیوں اور ہیلتھ بیٹ رپورٹرز نے بھرپور شرکت کی۔ ورکشاپ کے اختتام پر سوال و جواب کے سیشن میں صحافیوں نے امیونائزیشن اور صحت عامہ کے حوالے سے مختلف سوالات اٹھائے جن کے جوابات ماہرین نے تفصیل سے دیے۔