بارانی یونیورسٹی میں “سیڈ ٹو اسٹارٹ اپ 2025” ایکسپو

0

پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس کے زیرِ اہتمام “سیڈ ٹو اسٹارٹ اپ 2025” انٹرپرینیورشپ ایکسپو کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مرکزی موضوع “تحقیقی نتائج سے ایگری بزنس تک: پلانٹ بریڈنگ، جینیٹکس اور سیڈ ٹیکنالوجی میں انٹرپرینیورشپ” تھا، جس میں طلبہ، محققین، پالیسی سازوں، ایگرو اسٹارٹ اپس اور انڈسٹری کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی رکنِ پنجاب اسمبلی ملک افتخار احمد نے ایکسپو کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بارانی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان، رجسٹرار، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کلیدی خطابات فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل جناب محمد اعظم خان اور بائر پرائیویٹ لمیٹڈ سے جناب عامر اقبال نے پیش کیے۔

یہ بھی پڑھیں http://وزیرِ زراعت پنجاب کا بارانی زرعی یونیورسٹی کا دورہ

مہمانِ خصوصی ملک افتخار احمد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی تحقیق کو کسانوں تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کسان تحقیقاتی اداروں سے مفید مشورے، نئی ٹیکنالوجیز اور بہتر رہنمائی کی توقع رکھتے ہیں۔ ایسی تقاریب معلومات کی ترسیل اور زرعی وسائل تک رسائی کو آسان بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ایکسپو طلبہ کے لیے انٹرن شپ اور تربیتی مواقع بھی فراہم کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں http://بارانی زرعی یونیورسٹی میں لائیوسٹاک کانفرنس اختتام پذیر

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان کا کہنا تھا کہ معیاری بیج اور جدید ٹیکنالوجیز غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ پیداوار کے لیے معیاری بیج بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے۔ تحقیقاتی اداروں اور صنعت کو مشترکہ طور پر کام کرتے ہوئے نئی اختراعات کو تجارتی بنیادوں پر فروغ دینا چاہیے تاکہ کسان جدید ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تغیرات سنگین مسائل پیدا کر رہے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے ہائبرڈ اقسام اور جدید زرعی طریقوں کو اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے ڈپارٹمنٹ آف پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس کو اس معلوماتی اور مؤثر ایکسپو کے انعقاد پر سراہاتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔

انٹرپرینیورشپ ایکسپو میں پینل ڈسکشنز، ایگزیبیشن، آگاہی سیمینار اور پوسٹر پریزنٹیشنز بھی شامل تھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.