بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے آگاہی و تعارفی سیشن کا انعقاد

0

پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں ڈائریکٹوریٹ آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز کے زیرِ اہتمام پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے آگاہی و تعارفی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد طلبہ کی تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ، بین الاقوامی سطح پر تحقیقی روابط کے فروغ اور یونیورسٹی کے تحقیقی ڈھانچے سے واقفیت فراہم کرنا تھا۔ اس سیشن کے دوران مختلف اہم نکات پر گفتگو کی گئی جن میں پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے بین الاقوامی تحقیقی تعاون پر مبنی لیکچر سیریز کا آغاز، تحقیقی عمل کے بنیادی اجزاء جیسے لٹریچر ریویو، میٹریل اینڈ میتھڈز، ڈیٹا اینالیسس اور لٹریچر سائیٹڈ پر تربیت، پوسٹ گریجویٹ ریسرچ ریویو اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی کی پریزنٹیشن اور فروری 2026 میں منعقد ہونے والے پوسٹر سیشن کے بارے میں بریفنگ شامل تھیں۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی تحقیق کے فروغ، تربیت و استعداد کار میں اضافے اور طلبہ کی علمی و تحقیقی رہنمائی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق میں اخلاقی اصولوں کی پاسداری، مانیٹرنگ و ایویلیوایشن کے مؤثر نظام، اور کوالٹی ایشورنس کے سخت معیار اعلیٰ تعلیم کے عالمی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ وائس چانسلر صاحب نے مزید کہا کہ بین الاقوامی تحقیقی تعاون پر مبنی لیکچر سیریز اور تربیتی پروگرامز جیسے اقدامات طلبہ کو معیاری اور بامقصد تحقیق کی طرف راغب کریں گے، جس سے نہ صرف علمی معیار میں بہتری آئے گی بلکہ قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی علمی ساکھ بھی مستحکم ہوگی۔

سیشن کے اختتام پر فیکلٹی ممبران اور طلبہ کے درمیان مکالمہ ہوا جس میں تحقیقی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.