ضلع پولیس منڈی بہاؤالدین نے سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) کے تعاون سے انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ اور غیر قانونی ہجرت کے خلاف عوامی آگاہی واک کا انعقاد کیا۔ اس واک کا مقصد عوام بالخصوص نوجوانوں کو محفوظ اور قانونی سفر کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔
آگاہی واک میں پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان، سول سوسائٹی کے اراکین، نوجوان رضاکار، سماجی کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر انسانی وقار کے تحفظ، جدید غلامی کے خاتمے اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر پیغامات درج تھے۔

اس موقع پر عوام کو آگاہ کیا گیا کہ جعلی ویزوں اور غیر قانونی ہجرت میں ملوث عناصر معصوم شہریوں کو دھوکہ دے کر ان کا استحصال کرتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ انسانی اسمگلنگ، جعلی ویزوں یا غیر قانونی ہجرت سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 یا ایف آئی اے ہیلپ لائن 051-111-345-786 پر دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید عبد الرحیم شیرازی نے اس موقع پر کہا کہ ضلع پولیس منڈی بہاؤالدین انسانی اسمگلنگ اور انسانی تجارت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس جرم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایسے جرائم کی بروقت اطلاع دے کر پولیس سے تعاون کریں کیونکہ انسانی اسمگلنگ نہ صرف انسانی وقار کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ ملک کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ایس ڈی او سید کوثر عباس نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت سنگین انسانی مسائل ہیں جو بالخصوص غریب اور کمزور طبقات کو نشانہ بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ایجنٹس، جھوٹی ملازمتوں کے وعدے اور جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے نوجوانوں کے خوابوں کا استحصال کیا جاتا ہے، جس کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں، سول سوسائٹی اور عوام کے درمیان مضبوط اشتراک ناگزیر ہے۔
ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤلدین عدیل حیدر نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف مسلسل قانونی کارروائیاں جاری ہیں تاہم اس جرم کے مکمل خاتمے کے لیے عوامی آگاہی اور تعاون انتہائی ضروری ہے۔ ضلعئ انتظامیہ اس سلسلے میں خصوصی اقدامات کر رہی ہے، پنجاب حکومت کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کر رہی ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ واک کے دوران خواتین اور بچوں کو انسانی تجارت، جبری مشقت اور استحصال سے محفوظ رکھنے پر خصوصی زور دیا گیا اور شہریوں کو تلقین کی گئی کہ قانونی سفر ہی محفوظ سفر ہے۔
اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع پولیس منڈی بہاؤالدین اور ایس ایس ڈی او آئندہ بھی انسانی وقار کے تحفظ اور محفوظ و قانونی ہجرت کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر آگاہی مہمات جاری رکھیں گے۔