بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور بنگلہ دیش کی چار جامعات کے درمیان تعلیمی تعاون کے معاہدے

بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، طلباء و اساتذہ کے تبادلے اور مشترکہ تحقیق کی راہیں ہموار

0
 بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے بنگلہ دیش کی چار یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے بنگلہ دیش کی چار معروف یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ ان یونیورسٹیوں میں یونیورسٹی آف ایشیا پیسیفک، ڈیفوڈل انٹرنیشنل یونیورسٹی، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی چٹاگانگ اور نارتھ ساؤتھ یونیورسٹی شامل ہیں۔ یہ تقریب کامسٹیک سیکرٹریٹ، اسلام آباد میں او آئی سی – کامسٹیک کی سرپرستی اور تعاون کے تحت منعقد ہوئی، جو کہ کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسی لینس کا رکن ہے۔ ان مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد تعلیمی تعاون اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔ یہ مفاہمت نامے متعدد شعبوں میں تعاون کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرنے کے علاوہ تعلیمی و تحقیقی مقاصد کے لیے طلبہ اور فیکلٹی کے تبادلے کے پروگرام، مشترکہ تعلیمی اور سائنسی پروگرامز کے لیے بھی نہایت اہم اور مفید ثابت ہوں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان، وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی، پروفیسر ڈاکٹر قمر الاحسن، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایشیا پیسفک، پروفیسر ڈاکٹر ایم ڈی لطف الرحمان، وائس چانسلر ڈیفوڈل انٹرنیشنل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر محمد علی آزادی، وائس چانسلر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی چٹاگانگ اور پروفیسر ڈاکٹر عبدالحنان چوہدری، وائس چانسلر نارتھ ساؤتھ یونیورسٹی نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، کوآرڈینیٹر جنرل او آئی سی کامسٹیک بھی اس موقع پر موجود تھے جنھوں نے اس تعلیمی و تحقیقی شراکت داری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے اعلیٰ تعلیم کو آگے بڑھانے میں بین الاقوامی تعلیمی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ سرحد پار تعلیمی تبادلے اور تعاون کے لیے بھی نہایت اہم ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس طرح کی شراکت داری مشترکہ مسائل سے نمٹنے اور عالمی تعلیمی معیارات کو بڑھانے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ بنگلہ دیشی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شکریے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلباء، فیکلٹی اور مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں سے دونوں ممالک کو فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے مفاہمت ناموں پر عمل کرنے اور بہترین نتائج کو یقینی بنانے کے لیے بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.